قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے ساتھ ملکر اپوزیشن کا بھر پور کردار ادا کریں گے،شیخ رشید،بلدیاتی الیکشن میں کامیابی کی صورت میں میئر راشد شفیق ہوگا،ووٹر لسٹوں میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، ملک میں کبھی بھی شفاف الیکشن نہیں ہوئے،سربراہ عوامی مسلم لیگ کی ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو

اتوار 6 دسمبر 2015 10:16

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6دسمبر۔2015ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نادرا کی جانب سے تیار کی گئی ووٹر لسٹوں میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں ۔ گوجرانوالہ کے ووٹروں کا نام ہمارے حلقے میں شفٹ کیا گیا ہے ۔ وفاقی حکومت کی جانب سے گلیوں محلوں میں آخری دن تک ترقیاتی کام جاری رہے ہیں ۔ پی ٹی آئی اور عوامی مسلم لیگ اور آزاد امیدوار ملکر راولپنڈی میں نون لیگ کا خاتمہ کرے دیں گے ۔

کراچی میں ایم کیو ایم کو ٹف ٹائم دیں گے لیکن ان کی طاقت کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی کی یونین کونسل 40 کے پولنگ سٹیشن 401 میں ووٹ کاسٹ کرنے سے قبل میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں حلقہ این اے 55 میں 26 یونین کونسلیں ہیں جس میں 16 سے زائد ہم فتح یاب ہوں گے حکومت نے اپنی شاہ خرچیوں کو کنٹرول کے بجائے منی بجٹ لا کر مہنگائی میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ نام آپریشن ضرب عضب کا لیا جا رہا ہے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے ساتھ مل کر احتجاج کریں گے حکمران جماعت نے راولپنڈی میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج اپنے حق میں کرنے کے لئے نہ صرف ترقیاتی کام کئے ہیں بلکہ نادرا کی جانب سے جاری ووٹر لسٹوں میں بے ضابطگیاں کی گئی ہیں گوجرانوالہ سمیت مختلف علاقوں کے ووٹروں کے نام ہماری یونین کونسل میں شفٹ کئے گئے ہیں جبکہ نورانی مسجد میں قائم پولنگ سٹیشن میں بیلٹ پیپرز سیل نہیں تھے ۔

(جاری ہے)

میئر کے لئے میرا بھتیجا راشد شفیق الیکشن لڑ رہا ہے جس کو ہر صورت کامیاب بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں کبھی بھی شفاف الیکشن نہیں ہوئے ہمیشہ کی طرح اب بھی دھاندلی کا سلسلہ جاری ہے