سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے 40 اہم ترین مقدمات سماعت کیلئے مقرر ،سعد رفیق دھاندلی، یوٹیوب بندش ،اصغر خان، ، تلور کا غیر قانونی شکار ، مسلح افواج کی تجارتی سرگرمیاں ، آئی جی سندھ توہین عدالت کے کیسز شامل،مقدمات کی سماعت کیلئے پرنسپل سیٹ پر پانچ بنچز بھی قائم ،بنچ نمبر ایک کی قیادت چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کریں گے

ہفتہ 5 دسمبر 2015 09:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5دسمبر۔2015ء) چیف جسٹس پاکستان انور ظہیر جمالی نے آئندہ ہفتے 40 سے زائد اہم ترین مقدمات سماعت کے لئے مقرر کر دیئے ہیں ان مقدمات میں خواجہ سعد رفیق دھاندلی کیس ، یوٹیوب بندش کیس اصغر خان کیس ، تلور کا غیر قانونی شکار کیس ، مسلح افواج کی مختلف تجارتی سرگرمیاں ، آئی جی سندھ توہین عدالت کیس ،450 سی این جی غیر قانونی اس سٹیشنز کیس ، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف غیر قانونی اختیارات کا استعمال کیس ، چیف سیکرٹری سندھ توہین عدالت کیس ، شیخ اکرم بنام لدھیانوی الیکشن معاملہ ، دہشت گردی مقدمے میں سمجھوتے کے تحت رہائی کیس سمیت دیگر مقدمات شامل ہیں جبکہ ان درج بالا مقدمات کی سماعت کے لئے پرنسپل سیٹ پر پانچ بنچز بھی قائم کئے گئے ہیں بنچ نمبر ایک کی قیادت چیف جسٹس انور ظہیر جمالی ، بنچ نمبر دو کی قیادت جسٹس میاں ثاقب نثار ، بنچ نمبر تیں میں جسٹس اعجاز افضل خان ، بنچ نمبر چار میں جسٹس اعجاز چودھری اور بنچ نمبر پانچ کی قیادت جسٹس گلزار احمد کریں گے ۔