چیف الیکشن کمشنر کابلدیاتی انتخابات کی خود نگرانی کرنے کا فیصلہ،مانیٹرنگ کیلئے 15 ٹیمیں تشکیل ،چیف الیکشن کمشنر سیکورٹی،پولنگ عملے کی حاضری کا جائزہ لینے کے لئے مختلف علاقوں میں پولنگ سٹیشنز کا دورہ کریں گے،مانیٹرنگ ٹیمیں پنجاب کے 12 ،سندھ کے 6 اضلاع کا دورہ کریں گی،خیبرپختونخوا میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے شیڈول جاری

ہفتہ 5 دسمبر 2015 09:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5دسمبر۔2015ء) چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائر سردار رضا خان نے آج ہفتہ کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کی خود نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے انتخابات کی مانیٹرنگ کے لئے 15 سے زائد ٹیمیں تشکیل دے دی گئی جبکہ خیبرپختونخوا میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے 4491 نشستوں کے لئے شیڈول جاری کر دیا گیا ۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائر سردار رضا کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں بلدیاتی انتخابات بارے انتخابی مواد ، سیکورٹی اور تمام دیگر معاملات کا جائزہ لیا گیا ۔

الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کے احکامات پر انتخابات کی نگرانی کے لئے 15 سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کمیشن کے تمام اراکان اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کو انتخابات کی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

کمیشن کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سیکورٹی کے علاوہ پولنگ سٹیشن عملے کی حاضری کا جائزہ لینے کے ساتھ مختلف علاقوں میں پولنگ سٹیشن کا دورہ خود کریں گے اور وہاں پر بیلٹ پیپرز ، سیاہی اور دیگر انتخابی مواد کا بھی جائزہ لیں گے ۔

کمیشن نے مزید کہا کہ مانیٹرنگ ٹیمیں پنجاب کے 12 اور سندھ کے 6 اضلاع کے پولنگ سٹیشن کا دورہ کریں گے ۔الیکشن کمیشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ سندھ میں 1791 پولنگ سٹیشن حساس ترین 2116 حساس ، پنجاب میں 964 انتہائی حساس ، 3078 پولنگ سٹیشن حساس قرار دیئے گئے ہیں ۔ انتہائی حساس پولنگ سٹیشن پر سیکورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے خراب صورت حال پر قانون نافذ کرنے والوں کی مزید مدد بھی لی جا سکتی ہے ۔

الیکشن حکام حکومت پولیس ، سیاسی جماعتوں اور دیگر کا کوئی دباؤ قبول نہیں کریں گے ۔جبکہ خیبر پختونخوا میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے 4491 نشستوں کے لئے شیڈول جاری کر دی گئی ۔ ضمنی انتخابات 23 جنوری 2016 کو ہو گی ۔ کاغذات نامزدگی کے لئے 16 اور 17 دسمبر تک جمع کرائے جا سکیں گے کاغذات کی جانچ پڑتال 22اور 23 دسمبر کو جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست یکم جنوری کو جاری ہو گی ۔