بلدیاتی الیکشن کا تیسرا مرحلہ :پنجاب اور سندھ کے 18اضلاع میں پولنگ آج ہوگی

ہفتہ 5 دسمبر 2015 09:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔04 دسمبر۔2015ء) بلدیاتی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کے تحت پنجاب اور سندھ کے 18 اضلاع میں پولنگ آج ہوگی جس کے بعد ملک بھر میں بلدیاتی نظام کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔ پنجاب کے 12 اور سندھ کے 6 اضلاع میں پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن نے پولنگ کے عملہ کی تعیناتی کا عمل مکمل کرلیا ہے الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے تمام پریزائیڈنگ افسران اور ریٹرننگ افسروں کو ہدایت کی کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون لے کر جانے کی سختی سے ممانعت ہوگی ۔

اور کوئی بھی ووٹر شناختی کارڈ کی کاپی، ڈرائیونگ لائسنس یا کسی اور شناختی دستاویز کے ذریعے ووٹ نہیں ڈال سکے گا۔ نادرا کا قومی شناختی کارڈ ووٹ ڈالنے کے لئے ضروری ہوگا۔

(جاری ہے)

پنجاب اور سندھ کے حساس قرار دیئے گئے انتخابی حلقوں میں سیکورٹی فول پروف بنانے کے لئے موثر انتظامات کئے گئے ہیں۔ فوج اور رینجرز سمیت دیگر سیکورٹی ادارے اس موقع پر اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔

کراچی کے جن 6 اضلاع میں پولنگ ہوگی ان میں کراچی وسطی، غربی، جنوبی، شرقی ، کورنگی اورملیرشامل ہیں جہاں سیاسی جماعتوں نے جیت کے لئے بھرپور محنت کی ہے ‘ پنجاب کے 12 اضلاع راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، لیہ، راجن پور، ڈی جی خان، مظفرگڑھ، جھنگ، خوشاب، سیالکوٹ اورنارروال میں پولنگ ہوگی۔پنجاب میں میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل میں مجموعی طور پر 3 ووٹ کاسٹ کئے جائیں گے جن میں ایک ووٹ چیئرمین و وائس چیئر مین اور دوسرا کونسلر کے لئے ہوگا ۔