جموں‘ شیوسینا کے غنڈوں کا یاسین ملک پر حملہ‘ محفو ظ رہے

جمعہ 4 دسمبر 2015 09:50

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2015ء) جموں میں ہندو شدت پسندوں کی طرف سے محمد یاسین ملک پر حملہ کرنے کی کوشش ہوئی جبکہ اس دوران شیوسینا سے وابستہ کارکنوں نے مزاحمتی لیڈر کے خلاف نعرے بازی کی اور ہوٹل کے اندر داخل ہونے کی کوشش بھی کی۔ سینئر مزاحمتی لیڈر اور لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کو اس وقت شیوسینا کے کارکنوں کا سامنا کرنا پڑا جب موصوف سینئر صحافی ویدبھسین کے انتقال کے سلسلے میں سوگوار کنبہ سے تعزیت کیلئے جموں گئے تھے۔

(جاری ہے)

محمد یاسین ملک نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ یہاں معروف صحافی ویدبھسین کے اہل خانہ سے تعزیت کیلئے آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جس ہوٹل میں ٹھہرا تھا اس کے باہر شیوسینا کے کارکن جمع ہوئے اور انہوں نے میرے خلاف نعرے بازی شروع کر دی جبکہ بقول لبریشن فرنٹ چیئرمین اس دوران شیو سینکوں نے انہیں گالیاں بھی دیں۔ محمد یاسین ملک کے بقول خود کو شیوسینا کے کارکنوں اور غنڈوں سے بچانے کیلئے انہیں ہوٹل کے پچھلے دروازے سے بحفاظت نکل گئے۔