وفا ق کی طرح راولپنڈی میں بھی تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب ہوں گے‘عمران خان ، اپنی تقدیر بدلنے کیلئے راولپنڈی کی عوام کو 5 دسمبرکے روز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا ہوگا، الیکشن کمیشن صرف میرے دوروں پر پابندی عائد کررہی ہے ‘ سرکاری مشینری استعمال کرنے والے اور اربوں روپے کے ترقیاتی پیکجز کا اعلان کرنے والوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے،کارکنوں اور میڈیا سے گفتگو،میاں صاحب اپنے پاؤں پر کلہاڑی نہ ماریں، پتہ نہیں کب خود کشی کرلیں عمران خان، معلوم نہیں2018تک حکومت مدت پوری کرتی ہے یا نہیں، کلین اینڈ گرین پشاورکی تقریب سے خطاب

بدھ 2 دسمبر 2015 09:28

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2دسمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کی طرح راولپنڈی میں بھی تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب ہوں گے‘ اپنی تقدیر بدلنے کیلئے راولپنڈی کی عوام کو 5 دسمبرکے روز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا ہوگا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان صرف میرے دوروں پر پابندی عائد کررہی ہے ‘ سرکاری مشینری استعمال کرنے والے اور اربوں روپے کے ترقیاتی پیکجز کا اعلان کرنے والوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔

یہ بات انہوں نے منگل کی شام راولپنڈی میں ڈبل روڈ پر بلدیاتی انتخابات کیلئے اپنے دورے کے موقع پر کارکنوں اور میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق ‘ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد‘ رکن قومی اسمبلی عارف عباسی‘ راشد حفیظ‘ راجہ محمد علی‘ ماجد رفیق عباسی ‘ حماد قریشی‘ سجاد عباسی و دیگر بھی تھے۔

(جاری ہے)

عمران خان کا بلدیاتی الیکشن کے موقع پر راولپنڈی میں پہلا دورہ تنظیم کی گروپ بندی کا شکار ہوگیا اور صرف صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 14 کی چند یونین کونسلوں تک محدود رہا جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں کے کارکنان اپنے اپنے علاقوں میں عمران خان کا استقبال کرنے کیلئے کھڑے رہ گئے۔ عمران خان نے ڈبل روڈ اور صادق آباد چوک پر اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر خزانہ کی جانب سے منی بجٹ کے اعلان کے بعد ملک میں مہنگائی کا مزید طوفان برپا ہوگا۔

راولپنڈی کے شہریوں کو سوئی گیس میسر نہیں لیکن وہ زائد بل بھرنے پر مجبور ہیں ۔ عوام پانچ دسمبرکو سرکاری مشینری اور دھونس و دھاندلی کی سیاست کرنے والوں کو مستر د کریں گے ۔ عوام اپنے حق کیلئے تحریک انصاف کے امیدواروں کو ووٹ ڈالنے ضرور میدان عمل میں آئیں۔ قبل ازیں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہاکہ میاں صاحب اپنے پاؤں پر کلہاڑی نہ ماریں معلوم نہیں2018تک حکومت مدت پوری کرتی ہے یا نہیں اور میاں صاحب کا پتہ نہیں کہ کب خود کشی کرلیں۔

پشاور کے نشترہال میں کلین اینڈ گرین پشاورکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ کوئی طاقت ملک کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی، وزیراعظم نواز شریف کا پتہ نہیں کہ 2018 تک کہیں اپنے پاؤں پر کلہاڑی نہ مار دیں اور پتہ نہیں حکومت مدت پوری کرتی ہے یا نہیں تاہم اگر2018 تک صوبے میں ہماری حکومت رہی تو ایک ارب 20 کروڑ درخت لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام اکٹھے ہوں تو ملک چلتا ہے لیکن یہاں حکومت، سیاستدان اور بیوروکریٹس اکٹھے ہوگئے ہیں جب کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی واحد حکومت ہے جس نے آنے والی نسلوں کا ذمہ اٹھایا ہے اور ہماری حکومت ہی پاکستان کے نوجوانوں کو قوم کی تعمیر میں استعمال کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ عوام میں صفائی کا شعور نہیں ہے شہروں اور گاؤں میں گندگی دیکھ کر تکلیف ہوئی ہے ملک کے بڑے شہروں میں آلودگی بہت زیادہ ہے ۔ملک کے بڑے شہروں میں موحولیاتی آلودگی بہت ہے اس لئے خیبرپختونخوا میں 10 کروڑ درخت لگا دیئے اور2018تک 20کروڑ مزید لگائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ گندا پانی پینے کے باعث بچے مر رہے ہیں گندے پانی سے ہر سال 2لاکھ بچے مرتے ہیں انہوں نے مزید کہاکہ اوقاف کی زمینوں سے بھی قبضے چھڑا کر پارک بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن ہونے کے بعد پشاور سینٹرل ایشیا کا مرکز بنے گا اور تحریک انصاف اس شہر کی روشنیوں اور اہمیت کو دوبارہ بحال کرے گی۔