موسمیاتی تبدیلیاں:پاکستان جنوبی ایشیائی خطے میں”ہیٹ سرپلس“ زون میں آگیا، مون سون کا پورا سیزن غائب ہوسکتا ہے ، خشک اور سرد موسم سرما، طویل خشک سالی پاکستان کا مقدر ہوسکتی ہے، زراعت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوگا،ماہرین محکمہ موسمیات

منگل 1 دسمبر 2015 09:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1دسمبر۔2015ء)پاکستان عالمی موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث جنوبی ایشیائی خطے میں”ہیٹ سرپلس“ زون میں آگیا،پاکستان سے مون سون کا پورا سیزن غائب ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ، بارشوں میں بے پناہ زیادتی، خشک اور سرد موسم سرما، طویل خشک سالی پاکستان کا مقدر ہوسکتی ہے،پاکستان میں زراعت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے ذرائع کے مطابق عالمی موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان جغرافیائی اعتبار سے اس خطے میں آگیا ہے جو ”ہیٹ سرپلس“ زون میں آتا ہے۔ سائنسدانوں محکمہ موسمیات کے ماہرین کا اندازہ ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان سے مون سون کا پورا سیزن غائب ہونے کا امکان ہے۔ ان تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں بارشوں میں بے پناہ زیادتی، خشک اور سرد موسم سرما، طویل خشک سالی پاکستان کا مقدر ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

سائنسدانوں اور ماہرین کی یہ بھی رائے ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان میں زراعت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوگا۔ پاکستان کی معیشت کا بڑا دارومدار زراعت پر ہے۔ پاکستان پر آبادی کا دباؤ بھی بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے قدرتی وسائل پر دباؤ میں بھی اضافہ ہورہاہے۔ پاکستان میں 2010ء میں آنے والے سیلاب کو بھی موسمیاتی تبدیلیوں کا شاخسانہ قرار دیا جاتا ہے۔

معتبر ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف پیرس کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے عوامل کا تجزیہ پیش کریں گے،وہ عالمی برادری کو باور کرائیں گے کہ پاکستان کا گلوبل وارمنگ میں کوئی کردار نہیں کیونکہ پاکستان کاربن کے اخراج میں زیادتی کا سبب نہیں بن رہا۔ صنعتی اعتبار سے ترقی یافتہ ممالک گلوبل وارمنگ کے ذمہ دار ہیں۔ پاکستان کو ناکردہ گناہوں کی سزا نہیں ملنی چاہئے۔

پاکستان کے پاس وسائل کی شدید کمی ہے اس لئے وہ موسمیاتی تبدیلیوں کیلئے ان سے نمٹنے کی پوزیشن میں نہیں، اس لئے پاکستان کی ان تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے مدد کی جائے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پیرس کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلیوں سے بری طرح متاثر ہونے والے لوگوں اور ملکوں کی مدد کیلئے اربوں ڈالر کا عالمی فنڈ بھی قائم کرنے کا اعلان ہوگا۔

متعلقہ عنوان :