وفاقی کابینہ میں رد و بدل :وزیر اعظم نے اپنے قریبی رفقاء سے مشاورت شروع کر دی

منگل 1 دسمبر 2015 09:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1دسمبر۔2015ء) وزیر اعظم میاں نواز شریف نے وفاقی کابینہ میں رد و بدل کے لئے اپنے قریبی ساتھیوں سے مشاورت شروع کر دی ہے ۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پارٹی کے قریبی ذرائع اور وزیر اعظم کے رفقاء کے ساتھ بات چیت سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ وزیر اعظم کابینہ میں چند نئے چہرے لانے پر غور کر رہے ہیں اور کابینہ سے ان وزراء کو نکال رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

جن کی کارکردگی بہتر نہیں تھی یا ان کی ساکھ کمزور تھی پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ایک رہنما نے کہا ہے کہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں موجودہ حکومت کے اڑھائی سال پورے ہو جائیں گے اور حکومت اپنی کارکردگی کا جائزہ لے گی اور ظاہر ہے کہ وزراء کی کارکردگی بھی زیر غور آئے گی حکومت نے چند ماہ قبل وزراء کی کارکردگی کے جائزہ لینے کا اعلان کیا تھا تاہم نامعلوم وجوہات کی بناء پر یہ مکمل نہ ہو سکا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کارکردگی جائزہ رپورٹ میں بڑی وجہ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان ہیں جو تمام وزراء کی کارکردگی کی جانچ پڑتال چاہتے تھے ۔