جرائم پیشہ کہیں بھی چھپے ہوں رینجرز ان کے خلاف کارروائی کریگی،ڈی جی رینجر ز سندھ

جمعہ 27 نومبر 2015 09:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27نومبر۔2015ء)ڈائریکٹر جنرل رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ کہیں بھی چھپے ہوں رینجرز ان کے خلاف کارروائی کریگی یہ بات انہوں نے جمعرات کو ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار سے ٹیلی فونک بات چیت میں کہی، رینجرز ترجمان کے اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار نے ڈی جی رینجرز کو فون کرکے کارکنوں کی گرفتاری اور چھاپوں کے بارے میں احتجاج ریکارڈ کرایا اور یہ الزام عائد کیا کہ اس طرح کا عمل ایم کیو ایم کو الیکشن مہم میں روکنے کے برابر ہے ڈی جی رینجرز نے ڈاکٹر فاروق ستار پر واضح کیا کہ رینجرز اس جگہ کارروائی کرتی ہے جہاں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع ہوتی ہے چاہیے وہ جرائم پیشہ افراد کسی مذہبی یاسیاسی جماعت کے دفتر میں کیوں نہ چھپے ہوئے ہوں ڈی جی رینجرز نے یہ بات بھی واضح کی کہ کورنگی میں جن ملزمان کو پکڑا گیا ہے وہ مقدمات میں مطلوب تھے اور ان سے ناجائز اسلحہ برآمد ہوا ہے تاہم انہوں نے ڈاکٹر فاروق ستار کو یہ یقین دہانی ضرور کرائی کہ اگر کوئی بے گناہ ہوگا تو اس کو رہا کردیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :