آرمی چیف جنرل راحیل شریف کابرازیل کے آرمی ہیڈکوارٹرز کا دورہ ،پرتپاک استقبال، گارڈ آف آنر پیش ،19توپوں کی سلامی دی گئی، آرمی چیف نے برازیل کے وزیر دفاع کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی، پاکستان برازیل کیساتھ تعلقات مزید مستحکم چاہتا ہے ، دہشت گردی کیخلاف جنگ کو کامیابی سے جاری ہے ، جلد اس ناسور سے نجات حاصل کرلیں گے،جنرل راحیل شریف

بدھ 25 نومبر 2015 09:25

ریو ڈی جنیریو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25نومبر۔2015ء)سپہ سالار پاک افواج جنرل راحیل شریف نے برازیل کے آرمی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ، جنرل راحیل کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا،19توپوں کی سلامی دے کر پرتپاک استقبال کیا گیا، آرمی چیف نے برازیل کے وزیر دفاع کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔میڈیا رپورٹس مطابق برازیلین آرمی ہیڈکوارٹرز آمد پر جنرل راحیل شریف کا پرتپاک استقبال کیا گیا ان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور 19 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔

بعدازاں پاکستانی سپہ سالار سے برازیلین چیف آف جوائنٹ سٹاف جنرل جوز کارلوز نے ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں اعلیٰ فوجی حکام کی ملاقات میں پاک برازیل دفاعی تعلقات‘ فوجی جوانوں کی مشترکہ ٹریننگ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

برازیل کے چیف آف جوائنٹ سٹاف نے دہشت گردی کیخلاف پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔

دریں اثناء پاکستان اور برازیل کے مابین دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے سلسلہ میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے برازیل کے وزیر دفاع سے ملاقات کی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان پہلے ہی تربیت اور تجربات کے تعاون کے معاہدے موجود ہیں۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ہم برازیل کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ جنرل راحیل شریف نے برازیل کے وزیر دفاع کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

وزارت دفاع میں برازیل کے ڈیفنس منسٹر ایلڈو ریبلو نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برازیل کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاک افواج دہشت گردی کیخلاف جنگ کو کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہے اور بہت جلد دہشت گردی کے ناسور سے نجات حاصل کرلیں گے۔