خیبر پختونخوا میں مقامی حکومتوں کے قیام سے اختیارات اور فنڈ نچلی سطح پر منتقل ہوگئے ہیں،عمران خان،اب ایم پی ایز کے پاس کچھ نہیں رہے گا، اس کے برعکس پنجاب میں اب بھی تمام اختیارات وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے پاس ہیں اور مقامی حکومتوں کو کچھ نہیں دیا گیا،لکی مروت میں ٹری پلانٹیشن سائٹ کے معائنے کے دوران اظہار خیال

منگل 24 نومبر 2015 09:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24نومبر۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں مقامی حکومتوں کے قیام سے اختیارات اور فنڈ نچلی سطح پر منتقل ہوگئے ہیں اب ایم پی ایز کے پاس کچھ نہیں رہے گا اس کے برعکس پنجاب میں اب بھی تمام اختیارات وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے پاس ہیں اور مقامی حکومتوں کو کچھ نہیں دیا گیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے لکی مروت کے علاقہ طور تلا میں سونامی بلین ٹری پلانٹیشن پراجیکٹ کے سلسلے میں محکمہ جنگلات بنوں ڈویژن کی طرف سے قائم کردہ ٹری پلانٹیشن سائٹ کے معائنے کے دوران کیا اس موقع پر سیکرٹری ماحولیات سید نذر حسین شاہ کمشنر بنوں کامران زیب آر پی او محمد طاہر خان ڈپٹی کمشنر محمد بختیار خان ڈی پی او علی اکبر شاہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز پیر محمد محسود محمد یعقوب خان برکی اور یاسر قیوم اورایس ڈی ایف او لکی حضرت بلال بھی موجود تھے عمران خان نے وانڈہ شیر دل میں بھی پلانٹیشن سائٹ کا معائنہ کیاڈویژنل فارسٹ آفیسر فرحت اللہ خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال بنوں ڈویژن میں ایک کروڑ18لاکھ25ہزار پودے لگائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ روڈ سائیڈز اور کٹاؤ کی شکار زمینوں کے ساتھ ساتھ شجر کاری کے لئے غیر زرعی اور سیم و تھور زدہ اراضیات کا انتخاب کیا گیا ہے تاکہ انہیں آباد کرکے مقامی کمیونٹی کو فائدہ پہنچایا جاسکے انہوں نے کہا کہ شیشم، کیکر، بیر، ایکولپٹس، غز اور کانا کے پودے لگائے گئے ہیں جن کی شرح نمو اور بڑھوتری تیز ہے اس کے علاوہ کانا کثیر المقاصد پودا ہے اور یہ مقامی کمیونٹی کے لئے روزگار کا بڑا ذریعہ ہے کیونکہ اس سے بننے والی چیزیں پنجاب کے مختلف علاقوں کو برآمد کی جاتی ہیں پی ٹی آئی سربراہ عمران خان نے سونامی بلین ٹری پلانٹیشن پراجیکٹ کے حوالے سے بنوں ڈویژن میں ہونے والے کاموں پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس منصوبے کے تحت صوبے میں جنگلات میں اضافہ ہوگا جس سے روزگار ے مواقع پیدا ہوں گے غربت ختم ہوگی اور لوگوں کا معیار ندگی بہتر ہوگا انہوں نے پودوں کی حفاظت کے لئے مقامی لوگوں کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کی زیادہ سے زیادہ شرکت سے سونامی ٹری پلانٹیشن پراجیکٹ کامیابی سے ہمکنار کرنے میں مدد ملے گی انہوں نے خیبر پختونخوا پولیس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدانوں نے ہمیشہ پولیس کو بدنام کیا اور اسے اپنے مقاصد کے لئے استعمال کیا لیکن ہم نے یہ روایت بدل دی ہے اب پولیس سیاسی اثر و رسوخ سے آزاد ہے اور یہ پنجاب اور سندھ پولیس سے کہیں بہتر ہے جو خود جرائم میں ملوث ہے انہوں نے کہا کہ ایک سال میں پولیس اور دیگر شعبوں میں مزید بہتری لائیں گے انہوں نے کہا کہ ملک میں امن نہیں تو سرمایہ کاری کیسے آئے گی بیرون ملک مقیم پاکستانی سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں لیکن وہ عدم تحفظ کا شکار ہیں اور ایسے حالات میں وہ ملک میں سرمایہ کاری کا کیسے سوچ سکتے ہیں عمران خان نے کہا کہ صوابی میں کامیاب جلسے سے ثابت ہوگیا کہ عوام نے واقعی تبدیلی محسوس کرلی ہے نواز شریف پنجاب میں اتناس بڑا جلسہ دکھا دیں انہوں نے تعلیم اور صحت کے شعبوں کوترجیحات میں سر فہرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹروں کے لئے پیکج کی منظوری دی ہے جس سے دور افتادہ علاقوں کے ہسپتالوں میں عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولتیں میسر آئیں گی۔