راولپنڈی اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں 6.2شدت کا زلزلہ، زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ ، گہرائی 86 کلو میٹر زمین تھی ، زلزلہ پیما مرکز،زلزلے کے بعد لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے ، فوری طور پر جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی

پیر 23 نومبر 2015 09:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23نومبر۔2015ء) راولپنڈی اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ، زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 6.2 ریکارڈ کی گئی ، زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔ زلزلہ 86 کلو میٹر زیر زمین آیا ۔ زلزلے کے باعث عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے ، زلزلے کے نتیجے میں فوری طور پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کی رات سوا گیارہ بجے کے قریب راولپنڈی اسلام آباد ،لاہور ، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ ، سرگودھا ، ننکانہ صاحب، وہاڑی ، جھنگ ، مری ، ڈسکہ ، پشاور ایبٹ آباد ، مانسہرہ ، شانگلہ کوہستان ، بشام ، غذر ، ہری پور ، بٹگرام ، مظفر آباد ، میرپور ، باغ ، سمیت 35 سے زائد شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ۔

(جاری ہے)

جس کے باعث عوام اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 6.2 ریکارڈ کی گئی ، زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا اور زلزلہ 86 کلو میٹر زیر زمین آیا ۔ زلزلے کے نتیجے میں فوری طور پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم فوری طور پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔ واضح رہے کہ 26 اکتوبر کو بھی ملک کے مختلف شہروں میں 8.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کی گہرائی 193 کلو میٹر زیر زمین تھی ۔ زلزلے کے نتیجے میں اڑھائی سو سے زائد افراد جاں بحق اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوگئے تھے ۔