بنگلہ دیش میں ایک گروہ بنگلہ دیشی اور پاکستانی عوام میں بھائی چارے کی فضا کو بحال ہوتے ہوئے نہیں دیکھ سکتا ،چوہدری نثار ،آئندہ کابینہ اجلاس میں یہ مسئلہ پھر اٹھاؤں گا تاکہ بنگلہ دیش حکومت کے انتقام کی آگ کے آگے دیوار کھڑی کی جاسکے،بیان ،پاکستان کا بنگلہ دیش میں سیاسی رہنماؤں کی پھانسی پر اظہار تشویش ،بنگلہ دیش میں دو سیاسی رہنما صلاح الدین قادر چوہدری اور علی حسن مجاہد کو پھانسی کی سزا دلخراش اور اذیت ناک ہے،بنگہ حکومت مصالحت کی پالیسی اخیتار کرے اور اپریل 1974ء میں ہونیوالے معاہدے کا احترام کرے،ترجمان دفتر خارجہ

پیر 23 نومبر 2015 09:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23نومبر۔2015ء)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی عوام ماضی کی تلخیاں بھلا کر دوستی اور بھائی چارے سے تعلقات آگے بڑھانا چاہتے ہیں مگر بنگلہ دیش میں ایک گروہ بنگلہ دیشی اور پاکستانی عوام میں بھائی چارے کی فضا کو بحال ہوتے ہوئے نہیں دیکھ سکتا ہے ۔آئندہ کابینہ کے اجلاس میں یہ مسئلہ پھر اٹھاؤں گا تاکہ بنگلہ دیش حکومت کے انتقام کی آگ کے آگے دیوار کھڑی کی جاسکے۔

وفاقی وزارت داخلہ ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے مزید کہا ہے کہ ہمیں اندازہ ہے کہ اس گروہ کے پیچھے کون ہے اور 1970-71ء کے واقعات کے پیچھے اسکا کیا کردار تھا۔ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام کو قریب آنے سے کون سی طاقتیں روک رہی ہیں اور اس کے پیچھے کن عناصر کی سازشیں کارفرماء ہیں ۔

(جاری ہے)

ایک پاکستانی ہونے کے ناطے یہ محسوس کرتاہوں کہ جوکچھ بنگلہ دیش میں ہورہاہے وہ اخلاقیات ،بین الاقوامی قوانین اور اانسانی حقوق کی پامالی ہے ۔

حیران ہوں کہ دنیا اور بالخصوص بین الاقوامی انسانی حقوق کے ادارے انصاف کے اس قتل پر کیوں خاموش ہیں ۔انتہائی رنجیدہ ہوں کہ ہم ان لوگوں کے لیے کچھ نہ کرسکے جن کا قصور اتنا ہے کہ انہوں نے آج سے 45سال پہلے اپنے وطن پاکستان سے وفاداری نبھائی اور اس وقت کی ایک آئینی اور قانونی حکومت کا ساتھ دیا ۔انسانیت کے قتل اور پاکستانیت سے انتقام کی آگ کو اب ٹھنڈا ہونا چاہیے ۔

آئندہ کابینہ کے اجلاس میں یہ مسئلہ پھر اٹھاؤں گا تاکہ بنگلہ دیش حکومت کے انتقام کی آگ کے آگے دیوار کھڑی کی جاسکے ۔حاسدین جو بھی کہہ لیں پاکستانی اور بنگلہ دیشی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ دونوں برادر ممالک قریب سے قریب تر دیکھنا چاہتے ہیں ۔ادھرپاکستان نے بنگلہ دیش میں سیاسی رہنماؤں کی پھانسی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کو اذیت ناک قرار دیا ہے ، دفتر خارجہ کے ترجمان نے اتوار کے روز جاری اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں دو سیاسی رہنما صلاح الدین قادر ، چوہدری اور علی حسن مجاہد کو پھانسی کی سزا ایک دلخراش اور اذیت ناک واقعہ ہے جس پر حکومت پاکستان کو شدید تشویش ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ بنگلہ دیش میں ایسے واقعات سے پاکستان کو شدید پریشانی سے دو چارکردیا ہے بیان کے بعد بنگلہ دیش میں 1971ء کے سیاسی قیدیوں کے ناقص ٹرائل پر عالمی برادری نوٹس لے چکی بیان میں کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیش میں مصالحت کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ مصالحت کا ماحول پاکستان بھارت بنگلہ دیش کے مابین اپریل 1974ء میں ہونے والے معاہدے کی روح کی روشنی میں ہونی چاہیے اگر مصلحت اور ہم آہنگی سے کام لیا جائے تو اس کے نتیجہ میں ملک میں امن و ہم آہنگی پروان چڑھے گی