پشاور،خیبرپختونخوا کے منصوبے ”زمنگ کور“ کا افتتاح کردیا گیا ،معصوم بے گھر اور بے سہارا بچوں کیلئے یہ عظیم منصوبہ شروع کرنا منفرد اور باعث فخر کارنامہ ہے،پرویز خٹک، اس سے ان بے سہارا بچوں کو آرام دہ اور باعزت رہائشی سہولیات فراہم ہو سکیں گی ،وزیر اعلی کے پی کے ،لاوارث بچوں کیلئے کام کرنے پر ریحام خان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،عمران خان،زمونگ کور پراجیکٹ ریحام خان کی خواہش تھی ،ریحام اس پراجیکٹ اب بھی حصہ دار ہیں،صوبائی حکومت ان سے مزید ہدایات لے،قائد اعظم کا پاکستان دوبارہ بنائیں گے جس میں زرداری اور نوازشریف کی گنجائش نہیں،صوبے میں تعلیم پر سب سے زیادہ پیسہ لگائیں گے؛ چیئرمین تحریک انصاف ، یونیورسٹیوں میں جدید سسٹم متعارف کروائیں گے،ہسپتالوں کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ڈاکٹروں کے پاس خود چل کر جاؤں گا،صاف پانی کیلئے بڑے بڑے منصوبے لا رہے ہیں؛ پشاور میں سٹریٹ چلڈزن سنٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب

ہفتہ 21 نومبر 2015 08:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21نومبر۔2015ء)بچوں کے عالمی دن کے مو قع پر جمعہ کے روز پشاور کے قریب ناساپہ میں سٹریٹ چلڈرن کی رہائش اور بحالی کیلئے شروع کئے گئے خیبرپختونخوا کے منصوبے "زمنگ کور" کا افتتاح کردیا گیا ہے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے بے سہارا اور غریب بچوں کو پروقار زندگی دینے کیلئے " زمنگ کور" کے نام سے قائم کئے گئے چلڈرن ہوم کا افتتاح بھی روایت سے ہٹ کر " زمنگ کور" میں داخل کئے گئے ایک سٹریٹ چائلڈ سے کروایا۔

پشاور میں ناساپہ کے مقام پر ایک عرصے سے بیکار پڑے ہوئے فلیٹس کو اس عظیم منصوبے کیلئے استعمال کیا گیا ہے جس پر447 ملین روپے لاگت آئی ہے ۔" زمنگ کور" کے نام سے سٹریٹ چلڈرن کی رہائش کیلئے بنائے گئے اس منصوبے میں 216 فلیٹس موجود ہیں جبکہ اس میں 1000 بچوں کی پرورش کی گنجائش موجود ہے اور100کنال مزید اراضی بھی بچوں کی سپورٹس کیلئے حاصل کی جائے گی۔

(جاری ہے)

" زمنگ کور" کا آزاد بورڈ آف ڈائریکٹر ہو گا اور یہاں پر تعلیم، صحت، کھیل ، نفسیاتی رہنمائی، تفریحی سرگرمیوں، رہائش ، خوراک کی سہولیات سمیت کرکٹ اکیڈمی، سپورٹس اکیڈمی، آڈیٹوریم اور دیگر سہولیات بھی میسرہوں گی افتتاحی تقریب میں سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر، صوبائی وزراء محمد عاطف خان ،شاہ فرمان، انیسہ زیب طاہر خیلی اور امتیاز شاہد قریشی کے علاوہ معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ مشاق احمد غنی، معاون خصوصی ڈاکٹر مہر تاج روغانی، رکن صوبائی اسمبلی معراج ہمایوں خان ، چیف سیکرٹری امجد علی خان ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈاکٹر حماد اویس آغا، سیکرٹری سماجی بہبود ہدایت جان، غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں، سٹریٹ چلڈرن اور ان کے والدین اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی اس موقع پر منعقدہ تقریب سے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور ایم پی اے معراج ہمایوں نے خطاب کیاتقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ گلی کوچوں اور بازاروں میں معاش کی تلاش کیلئے پھرنے والے معصوم بے گھر اور بے سہارا بچوں کیلئے یہ عظیم منصوبہ شروع کرنا ایک منفرد اور باعث فخر کارنامہ ہے اور اس سے ان بے سہارا بچوں کو آرام دہ اور باعزت رہائشی سہولیات فراہم ہو سکیں گی انہوں نے کہا کہ ان بچوں کو باعزت اور ذمہ دار شہری بنانے کیلئے تعلیم، صحت، کھیل اور دیگر سہولتوں کے ذریعے ان کی بہترین انداز میں پرورش کی جائے گی وزیراعلیٰ نے اس منصوبے پر کام کرنے والی صوبائی حکومت کی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انتہائی کم مدت میں عرصہ دراز سے پشاور ناساپہ کے مذکورہ فلیٹس کو سٹریٹ چلڈرن کے گھر میں بد ل دیا گیا ہے اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے تصور کو حقیقت میں تبدیل کرکے عالمی یوم اطفال کے موقع پر اس کا افتتاح کیا گیا وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ صوبائی حکومت پی ٹی آئی کے منشور کے مطابق نیا پاکستان بنانے کی غرض سے نوجوانوں اور خصوصی طور پر بچوں پر سرمایہ کاری کرنے کیلئے پر عزم ہے اسلئے ان کو تمام سہولیات اور مواقع فراہم کئے جائیں گے انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت تعلیمی نظام کی درستگی کیلئے بھی کوشش کر رہی تاکہ وہ دن دیکھنا نصیب ہوجب صوبے کا ایک بچہ بھی سکول سے باہر اور تعلیم سے محروم نہ ہو انہوں نے کہاکہ بچوں کو جسمانی معذوری سے محفوظ کرنے کیلئے پولیو کے خاتمہ کی مہم بھی زور و شور سے جاری ہے جبکہ پی ٹی آئی کی سوچ کے مطابق بچوں کی بقاء ، تحفظ ، ترقی اور سماجی میل جول کو بغیر کسی امتیاز کے یقینی بنانے پر کام جاری ہے اور اس مقصد کو حاصل کرنے کی غرض سے سٹریٹ چلڈرن کیلئے " زمنگ کور" کا منصوبہ ہماری حکومت کا ایک عظیم کارنامہ ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ 12 سال تک کی عمر کے سٹریٹ چلڈرن کی حکومتی سرپرستی میں اس گھر میں پرورش کی جائے گی اور معاشرے کے فعال اور مفید شہری بنانے کیلئے ان کو تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ ان بچوں کو اب سٹریٹ چلڈرن کے بجائے سٹیٹ چلڈرن کہا جائے گا اور اس گھر میں سکول ، ہسپتال اور سپورٹس کے علاوہ محروم بچوں کی ذہنی اور جسمانی ضروریات پورا کرنے کیلئے ماہر نفسیات کی خدمات بھی مہیا کی جارہی ہیں انہوں نے کہاکہ کھیل کود کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ملحقہ اضافی اراضی بھی حاصل کی جارہی ہے اور اس منصوبے کو ایک آزاد اور خودمختار بورڈ آف گورنرز کے ذریعے چلایا جائے گا تاکہ ادارے کے اُمور میں حکومت کی مداخلت کم سے کم اور اس کی کسی بھی ضرورت کوفوری طور پر پورا کیا جا سکے وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بتایا کہ ایس او ایس چلڈرن ولیج ، سکول اور یوتھ ہوم کیلئے حیات آباد میں مطلوبہ اراضی بھی فراہم کردی گئی ہے جبکہ صوبے کی جیلوں میں موجودبچوں کی فلاح و بہبود کیلئے بھی عنقریب ایک پیکج پر عمل درآمد شروع کیا جارہا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری کوشش اور خوا ہش ہے کہ ہمارے بچے اور جوان بہت جلد نئے خیبرپختونخوا کی تکمیل دیکھیں اور ہماری صوبائی حکومت انشاء الله آئندہ دو سالوں میں اس خواب کو ضرور پورا کرے گی۔

ادھرپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سٹریٹ چلڈرن کے حوالے سے اچھا کام کرنے پر ریحام خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ وہ ریحام خان سے رابطہ رکھیں اور ان سے مزید ہدایات لیں۔پشاور میں سٹریٹ چلڈزن سنٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک میں سٹریٹ چلڈرن کو منشیات کا عادی بنایا جا رہا ہے، سٹریٹ چلڈرن ہماری ذمہ داری ہے اور اگر ہم ان کا خیال نہیں رکھیں گے تو پھر انہیں کون پوچھے گا،سٹریٹ چلدڑن کے لئے زمونگ کور پراجیکٹسنٹر کا قیام ریحام خان کی خواہش تھی،ریحام خان کے کہنے پر ہم نے یہ پراجیکٹ شرو ع کئے ہیں ،ریحام خان ،وسیم اکرم،باکسر عامر خان کے ساتھ مل کر بہت کام کیا ہے،ریحام خان ابھی بھی اس پراجیکٹ کا حصہ ہیں اور رہیں گی، لاوارث بچوں کے لیے کام کرنے پر ریحام خان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، یہاں سے جو بچے نکلیں گے وہ معاشرے کے لیڈر بنیں گے، زمونگ کور پراجیکٹ کے تحت پراجیکٹ کے تحت دو ہزار سے زائد بچوں کو ان فلیٹس میں رہائش کے ساتھ صحت اور تعلیم کی سہولیات دی جائیں گی، اب تک ان فلیٹس میں 29 بچے رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور دیگر وزراء کی کارکردگی پر فخر ہے، ریحام نے سٹریٹ چلڈرن پر بہت کام کیا ہوا ہے اس لئے صوبائی حکومت ان سے رابطہ رکھے۔عمران خان نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان جس نظریے پر بنا تھا اس نظریے پر واپس آئیں، پاکستان جس نظریئے کے تحت بنایا گیا تھا اس نظریئے میں زرداری اور نواز شریف کی کہیں گنجائش نہیں ہے،عوام ثابت کریں کہ جو پاکستان علامہ اقبال اور قائد اعظم چاہتے تھے وہ بنے گا اور جو ان کے نظریے کے خلاف تھے وہ غلط تھے ، ہمارے بزرگوں نے جو پاکستان بنایا ہے اگر ہم نے پاکستان نہ بننے والوں کو غلط ثابت کرنا ہے تو اس ملک کو اسلامی جمہویہ بنانا ہو گا،عمران خان نے کہا کہ زمونگ کور منصوبے کی تکمیل کے بعد شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ٹارگٹ ہے، 29 نومبر کو پشاور میں شوکت خانم ہسپتال کا افتتاح بھی کیا جائے گا جہاں غریب مریضوں کو مفت سہولیات ملیں گی، عمران خان نے کہا کہ تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر سپورٹس کمپلیکس بنائیں گے، اوقاف اوردیگر سرکاری اراضی پر یہ سپورٹس کمپلیکس تعمیرکئے جائیں گے جہاں ضرورت پڑی وہاں جنگلات بھی اگائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج سڑکوں پر در بدر پھرنے والے بچوں کی ذمہ داری لے رہے ہیں،پتہ نہیں کن حالات اور مجبوریوں کی وجہ سے بچے گھر سے نکلتے ہوں گے،ہمیں ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جس سے اس بات کی نوبت ہی نہ آئے۔مغرب میں تو جانوروں کے حقوق کا ب خیال رکھا جاتا ہے ۔خیبر پختونحواہ کو فلاحی صوبہ بنا ہے،ایک وقت آئے گا جب دوسرے صوبے خیبر پختونخوا کے فلاحی کاموں سے سبق سیکھیں گے،تعلیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم تعلیم کے اندر انقلاب لے آئے ہیں، خیبر پختونخوامیں ہم یونیورسٹیوں میں جدید سسٹم متعارف کروائیں گے،تعلیم سے ہی ملک ترقی کر سکتا ہے،ہم نے تعلیم پر سب سے زیادہ توجہ دی اور سب سے زیادہ پیسہ بھی خرچ کر رہے ہیں۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں ہسپتالوں میں کوئی حاطر خواہ اقدامات نہیں ہو سکے،ہسپتالوں کا نظام اتنا بہتر نہیں ہو پایا جتنا چاہتے تھے،ڈاکٹروں کو ساتھ دینا چاہیئے،ڈاکٹروں کو ساتھ ملائے بغیر نظام تبدیل نہیں ہو سکتا،ڈاکٹروں کو منانے خود جاؤں گا،صاف پانی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ صوبے میں ابھی تک صاف پانی فراہم نہیں کر سکے،عوام کو صاف پانی فراہم کرنے کی ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ شاہ فرمان سے کہتا ہوں ہمیں ٹائم لائن چاہیئے کہ کب تک لوگون کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے،مجھے ٹائم لائن چاہیئے باتوں سے کام نہیں چلے ،آپکوصاف پانی جلد سے جلد فراہم کیا جائے،میں خود صاف پانی کے حوالے سے ہونے وا لے اقدامات پر نظر رکھوں گا ۔