کراچی میں رینجرز نے مسجد پر حملہ ناکام بنا دیا، فائرنگ کے تبادلے میں4 اہلکار شہید،شہید اہلکاروں کی آبائی علاقوں میں تدفین ،نماز جنازہ میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار،ڈی جی رینجرزسمیت دیگر شخصیات کی شرکت

ہفتہ 21 نومبر 2015 08:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21نومبر۔2015ء) کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں رینجرز نے مسجد پر حملہ ناکام بنا دیا ، فائرنگ کے تبادلے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے، رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کا محاصرہ کرلیا، حملہ آوروں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا،صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے جبکہ وزیراعظم نے رپورٹ طلب کرلی،شہید اہلکاروں کی آبائی علاقوں میں تدفین کردی گئی ،نماز جنازہ میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار،ڈی جی رینجرزسمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی ۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں اتحاد ٹاؤن کے قریب رینجرز اہلکار جامعہ مسجد ابو ہریرہ کی سیکیورٹی پر مامور تھے کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو اہلکارموقع پر ہی شہید ہو گئے جب کہ قریب ہی کھڑی رینجرز کی گاڑی میں موجود اہلکاروں نے حملہ آوروں کی مزاحمت کرنا چاہی تو حملہ آوروں نے ان پر بھی فائر کھول دیئے جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمی ہونے والے اہلکاروں کو فوری طورپرقریبی اسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج دونوں اہلکار جانبر نہ ہوسکے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آور حب ریور روڈ کی جانب سے آئے اور اتحاد ٹاؤن کے علاقے میں فرارہوگئے جب کہ رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے اور حملہ آوروں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔

ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر رینجرز اہلکاروں پر حملے کے فوری بعد جائے وقوعہ پر پہنچے اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حملہ آور مسجد ابو ہریرہ پر حملہ کرنا چاہتے تھے جسے رینجرز اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور دہشت گرد تھے یا ٹارگٹ کلر انہیں ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کردیا ہے۔ چاروں شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں ڈی جی رینجرز، کورکمانڈر کراچی اور ایڈیشنل اآئی جی کراچی سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران نے بھی شرکت کی بعد ازاں اہلکاروں کو آبائی علاقوں میں سپر د خاک کردے گیا۔واضح رہے کہ رواں برس سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے میں اب تک افسران سمیت 79 اہلکار شہید جب کہ20 زخمی ہو چکے ہیں۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :