وزیراعظم کی صدر مملکت کو آرمی پبلک سکول پشاور حملے میں ملوث دہشت گردوں کی رحم کی درخواستیں مسترد کرنے کی ایڈوائس

جمعہ 20 نومبر 2015 10:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20نومبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے صدر مملکت ممنون حسین کو آرمی پبلک سکول پشاور حملے میں ملوث دہشت گردوں کی رحم کی درخواستیں مسترد کرنے کی ایڈوائس کی ہے ،وزیراعظم کی طرف سے بھیجی گئی سمری ایوان صدر کو موصول ہو گئی ہے ، جمعرات کے روز وزیرا عظم نواز شریف کی طرف سے صدر مملکت ممنون حسین کو بھیجی گئی سمری میں کہا گیا ہے کہ بچوں کے بہیمانہ قتل میں ملوث دہشت گردی کسی صورت بھی رحم کے مستحق نہیں ،مجرموں نے اعتراف جرم کر لیا ہے انکی رحم کی اپیل مسترد کر دی جائے ، واضح رہے کے آرمی پبلک سکول حملے میں ملوث 4دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کیخلاف ملٹری کورٹ میں مقدمہ چلایا گیا تھا جہاں انہیں اپنی صفائی کا بھرپور موقع فراہم کیا گیا تاہم چاروں دہشت گردوں نے ملٹری کورٹ کے سامنے آرمی پبلک سکول کے حملے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا جس پر ملٹری کورٹ نے چاروں دہشت گردوں کو مجرم قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنائی تھی