سپریم کورٹ کا این اے 107 گجرات سے مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے عابد رضا کے خلاف 6 افراد کے قتل میں سمجھوتہ کے تحت رہائی کے معاملے پر ازخود نوٹس ،رہا افراد کا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم

جمعرات 19 نومبر 2015 09:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19نومبر۔2015ء) سپریم کورٹ نے این اے 107 گجرات سے مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے عابد رضا کے خلاف 6 افراد کے قتل میں سمجھوتہ کے تحت رہائی کے معاملے پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے ۔ گوجرانوالہ کی دہشت گردی عدالت نے عابد رضا کو 6 افراد کے قتل میں سزائے موت سنائی تھی مگر سمجھوتہ کے تحت ٹرائل کورٹ نے انہیں بری کر دیا تھا اس معاملے کو ان کے مخالف امیدوار چودھری الیاس نے سپریم کورٹ میں بریت کو چیلنج کیا تھا ۔

چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بدھ کے روز مقدمے کی سماعت کی ۔ اس دوران عدالت کو بتایا گیا کہ رکن قومی اسمبلی نے 2003 میں 6 افراد کو قتل کر دیا تھا اور ان کو گوجرانوالہ کی دہشت گردی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی تاہم اس دوران فریقین کے درمیان سمجھوتہ ہونے پر عابد رضا کو بری کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ قانون کے مطابق دہشت گردی کے مقدمات میں سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ۔ عدالت نے عابد رضا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں اور عابد رضا کو ہدایت کی ہے کہ وہ 2 لاکھ روپے کے مچلکے عدالت میں داخل کرائیں اور اگلی سماعت پر عدالت میں پیش ہوں ۔ بعدازاں عدالت نے سماعت 2 ہفتوں کے لئے ملتوی کر دی ۔