ریحام نے مقدمہ کیا تو عدالت میں دفاع کروں گا، ڈاکٹر اعجاز، کوئی نوٹس نہیں ملا صرف ایک ای میل موصول ہوئی ہے،ریحام خان کے تمام الزامات بے بنیاد اور جھوٹے ہیں،ریحام عادی جھوٹی اور نفسیاتی مریضہ ہے جو خوابوں کی دنیا میں رہتی ہے،خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو

بدھ 18 نومبر 2015 09:25

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18نومبر۔2015ء) ریحام خان کے سابق شوہر ڈاکٹر اعجاز رحمان نے کہا ہے کہ ریحام خان کی طرف سے کوئی نوٹس نہیں ملا صرف ایک ای میل موصول ہوئی ہے اگر ریحام خان میرے خلاف مقدمہ دائر کرتی ہے تو عدالت میں دفاع کروں گا۔ لندن سے خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر اعجاز خان نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ ریحام خان کے تمام الزامات بے بنیاد اور جھوٹے ہیں۔

یہ خاتون عادی جھوٹی اور نفسیاتی مریضہ ہے جو خوابوں اور جھوٹ کی دنیا میں رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں لوگوں کو ان بارہ سال کے بارے میں بھی جو اس نے میرے ساتھ گزارے اور طلاق کے بعد کی کہانی بھی لوگوں کو بتاؤں گا۔ ڈاکٹر اعجاز رحمان نے کہا کہ میں انتظار کر رہا ہوں کہ ریحام خان میرے خلاف مقدمہ دائر کرے اگر وہ مقدمہ کرتی ہے تو لوگوں کو بتاؤں گا کہ یہ کس طرح کی خاتون ہے انہوں نے کہا کہ ریحام خان نے کہا ہے کہ عمران خان کا رہن سہن اسلامی نہیں ہے میں پوچھتا ہوں کہ سر پر ڈوپٹہ لینے اور پرانی زندگی چھپانے سے انسان اسلامی بن جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ریحام خان کی ساری زندگی انٹرنیٹ پر موجود ہے انہوں نے کہا کہ ریحام خان جب کسی ٹاک شو یا مارننگ شو کی میزبانی کرے گی تو دیکھیں گے ڈوپٹہ سر پر رہتا ہے یا نہیں۔