نواز شریف،شہباز شریف،پرویز الہی ،چوہدری شجاعت ،عمران خان ، ایاز صادق،اسحاق ڈار،جاوید ہاشمی،فاروق ستار،شیخ رشید،نجم سیٹھی،میاں منشاء،عاصمہ جہانگیر،،حمزہ شہبازسمیت چوسٹھ سیاست دانوں و معروف شخصیات کے بیرون ملک اثاثے واپسی کیس، لاہور ہائیکورٹ نے فریقین کے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیا

بدھ 18 نومبر 2015 09:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18نومبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف،شہباز شریف،پرویز الہی ،چوہدری شجاعت حسین،عمران خان ،سردار ایاز صادق،اسحاق ڈار،جاوید ہاشمی،فاروق ستار،شیخ رشید،نجم سیٹھی،میاں منشاء،عاصمہ جہانگیر،خواجہ شریف ،حمزہ شہباز شریف سمیت چوسٹھ سیاست دانوں اور معروف شخصیات کے بیرون ملک اثاثے واپس لانے کے لئے دائر درخواست پرفریقین کے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد محمود خان نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار بئیرسٹر جاوید اقبال جعفری کی جانب سے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف،شہباز شریف،پرویز الہی ،چوہدری شجاعت حسین،عمران خان، سردار ایاز صادق،اسحاق ڈار،جاوید ہاشمی،فاروق ستار،نجم سیٹھی،میاں منشاء،عاصمہ جہانگیر،خواجہ شریف ،حمزہ شہباز شریف ،شاہد خاقان عباسی،رانا تنویر اور شیخ رشید نے چار سو ارب ڈالر غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کئے اور قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے صاحبزادوں نے برطانیہ میں ایک سو انچاس جائیدادیں خریدیں جبکہ درخواست میں فریق بنائے گئے تمام سیاستدانوں نے بیرون ملک اثاثے بنا کر ملک کو کنگال کیا۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ان سیاستدانوں کی طرف سے بیرون ملک بینکوں میں رکھے گئے پیسے وطن واپس لا کر ملک کی حالت تبدیل کی جا سکتی ہے اور حقیقی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے۔جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت ستائیس نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیا