قومی اسمبلی میں وزراء کی کارگردگی،عدم دلچسپی،پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ،حکومت کو کسی صورت رعایت نہ دیں حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کریں،بلاول بھٹو زرداری کی پیپلز پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت،پاکستان تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس میں وزیر اعظم کی اسمبلی میں حاضری پر بحث کے لیے تحریک پیش کرنیکا فیصلہ

بدھ 18 نومبر 2015 09:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18نومبر۔2015ء)پاکستان پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے آئندہ قومی اسمبلی اجلاس میں وزراء کی کارگردگی اور اسمبلی اجلاس میں عدم دلچسپی پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔وزیر اعظم کی اسمبلی اجلاس میں حاضری کو بھی ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے بھی بحث کے لیے تحریک پیش ہونے کا امکان ہے ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جمہوریت کی علمبرداری اور نام الاپنے سے موجودہ حکومت نے پارلیمنٹ کو نظر انداز کر دیا ہے گزشتہ اجلاس میں وزرا کی ایوان سے غیر حاضری کی باتیں پارلیمنٹرین کی زباں زد عام تھیں اور انہوں نے اسمبلی فلور پر بھی برملا اظہار کیا بلکہ حکومت کی اس نظر اندازی کی پالیسی کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضع طور پر اپنے پارلیمنٹرین کو کہ دیا ہے کہ وہ حکومت کو کسی صورت رعایت نہ دیں حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کریں جیسا کہ شہید بی بی کا ویژن تھاجبکہ پاکستان تحریک انصاف نے مشاورتی اجلاس میں وزیر اعظم کی اسمبلی میں حاضری پر بحث کے لیے ایک تحریک پیش کرنیکا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزرا کی ایوان سے عدم دلچسپی اور کارگردگی پر بھی بھر پو ر طریقہ سے آواز بلند کرے گی ۔نندی پور پراجیکٹ ،نیب میں حکومتی مقدمات کی پیروی نہ ہونے ،نیشل ایکشن پلان کی پنجاب میں شروعات، سمیت دیگر ایشو کو اسمبلی میں لایا جا سکتا ہے۔