ملکی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی اب کوئی گنجائش نہیں،نوازشریف ، تمام جمہوری قوتوں کو ملک و قوم کے بہترین مفاد میں مثبت سیاسی روایات کو فروغ دینا ہو گا ،سب کا ایجنڈا ملکی تعمیر و ترقی ہونا چاہیے ، پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لانے کیلئے کسی کے پاس مثبت تجاویز ہیں تو وہ اسے پیش کرے، وہ دن جلد آنیوالا ہے جب لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے ختم اور صنعت و تجارت کو دن رات ترقی حاصل ہوگی،حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں شر پسندی کے خاتمہ سے کراچی کی روشنیاں اور رونقیں بحال ہو رہی ہیں،پوری قوم کا نیشنل ایجنڈے پر متفق ہونا خوش آئند ہ ، ٹانگیں کھینچنے کی سیاست اب مزید نہیں ہونی چاہیے، گوجرہ میں موٹر وے ایم فور سیکشن ٹو کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

منگل 17 نومبر 2015 08:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17نومبر۔2015ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہاہے کہ ملکی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی اب کوئی گنجائش نہیں اس لئے تمام جمہوری قوتوں کو ملک و قوم کے بہترین مفاد میں مثبت سیاسی روایات کو فروغ دینا ہو گا جب پاکستان مشکلات میں ہے تو پھر یہ کیسی سیاست ہے جو ملکی ترقی کا سفر روکنا چاہتی ہے ،سب کا ایجنڈا ملکی تعمیر و ترقی ہونا چاہیے کیونکہ ملکی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی اب کوئی گنجائش نہیں تاہم اگر پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لانے کیلئے کسی کے پاس مثبت تجاویز ہیں تو وہ اسے پیش کرے۔

وہ دن جلد آنیوالا ہے جب پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے ختم ہوں گے اور صنعت و تجارت کو دن رات ترقی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں شر پسندی کے خاتمہ سے کراچی کی روشنیاں اور رونقیں بحال ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

مزید برآں پوری قوم کا نیشنل ایجنڈے پر متفق ہونا خوش آئند ہے اس لئے ٹانگیں کھینچنے کی سیاست اب مزید نہیں ہونی چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرہ میں موٹر وے ایم فور سیکشن ٹو کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ فیصل آباد سے گوجرہ تک موٹر وے مکمل کردی گئی ہے اور اسلام آباد سے لاہور تک موٹر وے کی تعمیر و مرمت کاکام جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ قواعد کے مطابق ہر 10سال بعد موٹر ویز کی ضروری تعمیر و مرمت ہونی چاہیے مگر ہمارے ہاں بد قسمتی سے ایسا نہیں ہو سکا لیکن اب اس سلسلہ میں کام جاری ہے ۔

انہوں نے کہاکہ کراچی سے لاہور موٹر وے چھ رویہ ہو گی جس سے جنوبی پنجاب کی اجناس بآسانی دوسرے صوبوں تک پہنچائی جاسکیں گی۔انہوں نے کہاکہ بہت جلد کراچی اور لاہور موٹروے کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں موٹر ویز اور شاہراہیں بن رہی ہیں جبکہ موٹر وے کے گوجرہ سیکشن پر اعلیٰ معیار کی سڑک تعمیر کی جارہی ہے ۔

ملک میں یکساں ترقی کیلئے شاہراہوں کا کردار کلیدی ہے انہوں نے کہاکہ انہیں موٹروے ایم فورسیکشن ٹو پرتعمیراتی و ترقیاتی کام کے آغاز سے دلی خوشی ہورہی ۔انہوں نے کہاکہ قوم مسائل پر قابوپانے کیلئے ملکی ترقی کے ایجنڈے کی بھرپور حمایت کرے کیونکہ نفرتین ختم اور دور ہونے سے پاکستان ترقی کرے گا۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے ایل این جی سے چلنے والے بجلی گھروں کے تین منصوبوں میں110ارب روپے کی بچت کی اور صرف تین منصوبوں میں اتنی بڑی بچت تاریخی کام ہے ۔

انہوں نے کہاکہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے حکومت دن رات یکسوئی سے کام کررہی ہے جس کے باعث 2018ء میں ملک سے بجلی کی لوشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائیگا۔انہوں نے کہاکہ بہت جلدکراچی اورلاہورکوموٹروے کے ذریعے آپس میں منسلک کیاجائیگانیزسڑکوں کے جال بچھنے سے لوگوں کا ایک دوسرے سے رابطہ بحال ہوجائیگا۔انہوں نے کہاکہ گوادر ترقی کررہاہے اور وہاں عالمی معیارکی بندرگاہ اور ہوائی اڈہ بن رہاہے ۔

انہوں نے کہاکہ گوادر بندر گاہ پوری دنیا تک بر آمدات کی رسائی کا باعث بنے گی کیونکہ دنیا کی نصف آبادی جنوبی ایشیامیں رہتی ہے اورخطے میں ترقی و خوشحالی کے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ تاجک صدر کے ساتھ پاکستان کو وسطی ایشیائی راستوں سے ملانے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے جس کے جلد مفید نتائج حاصل ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کے تعاون سے 46ار ب ڈالر کے منصوبے لگ رہے ہیں جس سے پاکستان میں معاشی و اقتصادی استحکام آئے گا اور ترقی و خوشحالی کا دور دورہ ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت بھی کھیت سے منڈیوں تک سڑکیں بنانے کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے جس کا مقصد کاشتکاروں کیلئے تمام ممکن سہولیات و مراعات اور زرعی اجناس کی منڈیوں تک بروقت ترسیل ہے۔

انہوں نے کہاکہ موٹر ویز اقوام کیلئے لائف لائن کی حیثیت رکھتی ہیں مگر بد قسمتی سے انہیں ماضی میں نظر انداز کیاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ موٹر وے گوجرہ تاشور کوٹ سیکشن ٹو کی تعمیر میں بھی 4ارب روپے کی بچت کی گئی ہے جو ایک ریکارڈ ہے کیونکہ اس منصوبہ کی لاگت 21ارب روپے تھی جسے 17ارب روپے کیا گیاہے۔ انہوں نے کہاکہ لاہور سے کراچی موٹر وے کا سنگ بنیاد بھی جلد رکھا جائیگاتاکہ پورے ملک کو موٹر وے سے منسلک کیاجاسکے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی فلاح اور بہتری کیلئے بھرپور جدوجہد کررہی ہے اور اس ضمن میں تمام ذرائع و وسائل کو بروئے کار لایاجارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ جب توانائی کے بحران کا خاتمہ اور دہشت گردی سے مکمل نجات ملے گی تو ملک میں سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھلیں گی اور اربوں روپے کی سرمایہ کاری سے غربت و بیروزگاری کاخاتمہ ہو گا۔

وزیر اعظم نے کہاکہ جو افراد حکومتی اقدامات پر تنقید کررہے ہیں کو حکومتی منصوبوں سے آگاہی حاصل کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت تمام صوبوں کیلئے یکساں اقدامات کو یقینی بنارہی ہے تاکہ اس کے ثمرات سے تمام صوبوں کے عوام یکساں مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہاکہ دیگر صوبوں کو بھی پنجاب کی تقلید کرنی چاہیے تاکہ وہ بھی ترقی کی شاہراہوں پر گامزن ہو سکیں۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی کوششوں کی بھی تعریف کی اور کہاکہ انہوں نے شہری علاقوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے بھی شاندار اقدامات کئے ہیں جس کے باعث اب شہروں اور دیہاتوں کا فرق جلد ختم ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی اقدامات سے ملک میں عوام جلد مثبت تبدیلی محسوس کریں گے اور اقتصادی ترقی سے فلاح و بہبود کے بڑے منصبوں کے آغاز کے باعث ملک میں خوشحالی کا دور دورہ ہو گا۔

انہوں نے این ایچ اے حکام کو اعلیٰ ترین معیار کی حامل موٹر وے ایم فور کی بروقت تکمیل کی بھی ہدایت کی ۔اس موقع پر گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ ،چینی کمپنیوں کے انجینئرز ، این ایچ اے کے اعلیٰ حکام ، کمشنر ، آر پی او فیصل آباد ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، جھنگ اور ڈویژن کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ، ڈی سی او و ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ و جھنگ ، مختلف اداروں کے ضلعی سربراہان ، مسلم لیگ (ن) کے اہم مقامی پارٹی رہنما اور مختلف مکاتب فکر کے سرکردہ افراد بھی موجود تھے۔