اقتصادی راہداری منصوبہ کے تحت بلکسر سے مظفر گڑھ موٹر وے جلد تعمیر کرنے کا فیصلہ،منصوبہ پر 8 ارب روپے خرچ ہوں گے ، وزیر اعظم نے منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی

پیر 16 نومبر 2015 08:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16نومبر۔2015ء) وفاقی وزارت مواصلات نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے تحت بلکسر سے مظفر گڑھ موٹر ویز بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور راز داری سے اس منصوبہ کا پی سی ون بھی تیار کر لیا ہے ۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق وزارت مواصلات نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے تحت مشرقی روٹ کو اہمیت دیتے ہوئے بلکسر مظفر گڑھ موٹر وے بنانے کا فیصلہ کیا ہے اس روٹ کی لمبائی 391 کلو میٹر ہے یہ روٹ بلکسر سے تلہ گنگ ، میانوالی ، وے والی ، فتح پور ، چوک اعظم ، چوک منڈا ، تونسہ کنال روڈ اور مظفر گڑھ ہے ۔

مظفر گڑھ سے یہ روٹ پھر ملتان سکھر موٹر وے سے منسلک کر دیا جائے گا ۔ رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے ذاتی طور پر دلچسپی لیتے ہوئے اس منصوبہ کی لاگت کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق 8 ارب روپے 4 لین روڈ کی تعمیر پر اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ 2 لین سڑک بنانے کا تخمینہ 6.7 ارب لگایا گیا ہے اس منصوبہ کی فزیبلٹی پہلے سے تیار ہے اور اس منصوبہ کا ڈیزائن تیاری کے آخری مراحل میں ہے ۔

متعلقہ عنوان :