طاہر القادری نے پاکستان واپسی کے لئے سنجیدگی سے غور شروع کر دیا، سیاسی حلقوں نے انہیں پاکستان جلد آنے کی درخواست کر دی ۔ آئندہ 72 گھنٹوں میں ڈاکٹر طاہر القادری کے پاکستان آمد کاحتمی شیڈول سامنے آ سکتا ہے

پیر 16 نومبر 2015 08:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16نومبر۔2015ء) پاکستان کے سیاسی حالات کومدنظر رکھتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے شیڈول کے برعکس جلد پاکستان واپسی کے لئے سنجیدگی سے غور شروع کر دیا ہے۔ بعض سیاسی حلقوں نے بھی انہیں پاکستان جلد آنے کی درخواست کی ہے۔ آئندہ 72 گھنٹوں میں ڈاکٹر طاہر القادری کے پاکستان آمد کا حتمی شیڈول سامنے آ سکتا ہے۔

خبر رساں ادارے کو پاکستان عوامی تحریک کے باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری پاکستان کے سیاسی حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور انہیں لمحہ لمحہ کی خبر دی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی پارٹی سیکرٹریٹ میں موجود 8 رکنی میڈیا ٹیم نے میڈیا میں روز ہونے والی پیش رفت سے بھی ڈاکٹر طاہر القادری کو مسلسل آگاہ رکھا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین‘ تحریک انصاف کے چوہدری محمد سرور‘ سنی اتحاد کونسل اور متحدہ وحدت المسلمین کے رہنماؤں سے بھی ڈاکٹر طاہر القادری کا قریبی رابطہ ہے اس بارے گزشتہ ہفتے بھی ان کی پارٹی نے اپنے قائد کا ایک اہم پیغام مذکورہ بالا سیاسی جماعتوں کے قائدین تک پہنچایا ہے جس کا جواب رواں ہفتے دیا جائے گا جس کے بعد ڈاکٹر طاہر القادری اپنی پاکستان آمد کو حتمی شکل دے دیں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اب ان کی صحت بھی کافی بہتر ہے۔ خبر رساں ادارے کے رابطہ کرنے پر مرکزی ترجمان عوامی تحریک نور اللہ صدیقی نے بتایا کہ ڈاکٹر طاہر القادری اپنے شیڈول سے قبل بھی پاکستان واپس آ سکتے ہیں اس حوالے سے انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہمہ وقت تیار بھی رہنے کا حکم دے رکھا ہے۔ حتمی شیڈولجاری ہونے کے ساتھ ہی ان کی مختلف ائیرلائن کی ٹکٹیں کنفرم کرا لی جائیں گی اور وہ سیدھے لاہور ائیرپورٹ پر لینڈ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :