عوام بلدیاتی انتخابات میں پی پی پی امیدواروں کوکامیاب کرائیں تاکہ نچلی سطح پرمسائل حل کئے جاسکیں،بلاول بھٹو،پی پی پی کبھی بھی عوامی حقوق پرسودے بازی نہیں کریگی،ہم جمہوریت کیلئے قربانیاں دیناجانتے ہیں ،پیپلزپارٹی شہیدوں کی پارٹی ہے ،ریلی سے خطاب

پیر 16 نومبر 2015 08:18

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16نومبر۔2015ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 19نومبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پی پی پی کے امیدواروں کو اپنا قیمتی ووٹ دیکر کامیاب کرائیں تاکہ نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل کیے جا سکیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع سجاول سے ضلع ٹھٹھہ تک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

قبل ازیں ان کی سجاول آمد پر سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو اور صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ صوبائی وزیر محمد علی ملکانی ، ڈپٹی اسپیکر سندھ شہلہ رضا، سینیٹر سسی پلیجو ، سینیٹر عاجز دھامراہ ، ایم پی اے رخسانہ شاہ ، سجاول اور ٹھٹہ کے ضلعی صدر ارباب وزیر میمن ،سابق صوبائی وزیر صادق میمن ،سابق ایم این اے ڈاکٹر واحد سومرو ، سابق ایم پی اے حمیرہ علوانی کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور مختلف مقامات پر قافلے پر گل پاشی کی گئی ۔

(جاری ہے)

یہ تاریخی ریلی کئی کلو میٹر پر محیط تھی ۔ یہ ریلی جیسے جیسے ٹھٹھہ کی جانب بڑھتی گئی تو راستے میں آنے والے دیہاتوں کے لوگ ریلی میں شریک ہوتے گئے ۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے ا پنی گاڑی کے سن روف سے باہر نکل کر لوگوں کے نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا اور لوگوں سے کہا کہ پی پی پی شہیدوں کی پارٹی ہے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر ملک میں جمہوریت کو بحال کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پی پی پی عوامی حقوق پر کبھی بھی سودی بازی نہیں کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت کیلئے قربانیاں دینا جانتے ہیں ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ 19نومبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں تیر پر مہر لگا کر پی پی پی کے امیدواروں کو کامیاب کریں تاکہ مخالفین کو معلوم ہو سکے کہ پی پی پی آج بھی اسی طرح عوام کے دلوں میں زندہ ہے ۔