مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے دائیں بائیں جو لوگ ہیں وہ میری یونیورسٹی کے پڑھے ہوئے ہیں،چوہدری شجاعت ، دوسری جماعتوں کے ساتھ اتحاد چاہتے ہیں تاکہ پاکستان کو قائد اعظم کا ترقی یافتہ وخوشحال پاکستان بنایاجاسکے،میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 14 نومبر 2015 09:07

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارآ ن لائن۔14نومبر۔2015ء) مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے لیڈروں کے دائیں بائیں جو لوگ ہیں وہ میری یونیورسٹی کے پڑھے ہوئے ہیں ۔ دوسری جماعتوں کے ساتھ اتحاد چاہتے ہیں تاکہ پاکستان کو قائد اعظم کا ترقی یافتہ وخوشحال پاکستان بنایاجاسکے۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ جمعہ کے روز سہ پہر پا کستان مسلم لیگ (ق) کے صدر وسابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے سیالکوٹ میں مسلم لیگ (ق) کے سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری عنصر بریار اور مرکزی رکن مجلس عاملہ چوہدری سلیم بریار کے والد مرحوم کے ایصال ثواب کی دعائیہ تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہو ئے کیا۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحادکاکوئی امکان نہیں ہے تاہم ہم دوسری جماعتوں کے ساتھ اتحاد چاہتے ہیں تاکہ پاکستان کو قائد اعظم کا ترقی یافتہ وخوشحال پاکستان بنایاجاسکے ۔

(جاری ہے)

پا ک آرمی بارے انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی نے جو حکومت کو کہا وہ کوئی ایشو نہیں ہے لیکن حکومت کا اس معاملہ پر جواب کسی بھی لحاظ سے درست نہ ہے کیونکہ بہت سارے لوگ بلاجواز اسے ایشو بنانے کیلئے سرگرم عمل ہیں جو ٹھیک بات نہیں ہے ۔

چوہدری شجاعت حسین نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ قومی اسمبلی کے ا سپیکر کے انتخاب میں ایاز صادق کی حمایت سیاسی مقاصد کیلئے نہیں کی بلکہ ا سپیکر قومی اسمبلی کے عہدہ کو غیر متنازعہ رکھنے کیلئے کی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی اس کا غلط مطلب نہ نکالے ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی نے جس بات کی نشاندہی کی ہے حکومت کو چا ہئے کہ وہ اسے ٹھیک کرے ۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلہ میں ہمارا مقابلہ ڈی سی او ،اور ڈی پی او کے ساتھ ہے جنہوں نے جانبداری کا مظاہرہ کیا ۔قبل ازیں جامع مسجد میں ایصال ثواب کی تقریب منعقد ہوئی جس میں چوہدری شجاعت حسین کے علاوہ سابق ضلع ناظم ورہنما پاکستان تحریک انصاف چوہدری محمد اکمل چیمہ ، رانا ندیم اکرم ، میاں محمد سہیل ، سٹی صدر مسلم لیگ (ق) صدف بٹ ، ڈاکٹر نسیم شہزاد سمیت شہریوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی ۔