کوہستان میں مزید چھوٹے پن بجلی گھروں کے قیام کیلئے موزوں مقامات کی نشاندہی کریں تاکہ مقامی آبادی کیلئے بجلی بحران میں کمی آسکے،پرویز خٹک کی ہدایت

ہفتہ 14 نومبر 2015 09:05

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبارآ ن لائن۔14نومبر۔2015ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کوہستان میں مزید چھوٹے پن بجلی گھروں کے قیام کیلئے موزوں مقامات کی نشاندہی کریں تاکہ مقامی آبادی کیلئے بجلی بحران میں کمی آسکے انہوں نے لوئر کوہستان میں پن بجلی گھروں کی ملازمتوں میں مقامی آبادی کو ترجیح کی ہدایت بھی کی ہے وہ آج وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں لوئر کوہستان کے آٹھ رکنی وفد سے گفتگو کر رہے تھے وفدنے وزیراعلیٰ کے مشیر حاجی عبد الحق کی سربراہی میں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اس موقع پر محکمہ انرجی اینڈ پاور کے چیف پلاننگ آفیسر زین الله شاہ ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر پراونشل انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو) اکبر ایوب، پراجیکٹ ڈائریکٹر رانولیہ ہائیڈل پراجیکٹ ناصر گنڈا پور و دیگر حکام بھی موجود تھے وفد نے وزیراعلیٰ کو اپنے علاقے میں درپیش متعدد مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا اور خصوصی طور پر کوہستان میں چھوٹے پن بجلی گھروں میں علاقائی لوگوں کی ملازمتوں اور مقامی آبادی کو ان بجلی گھروں سے بجلی کی فراہمی کے بارے میں ان سے بات چیت کی اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمارے پاس تقریباً100 ہائیڈل پاور منصوبوں کی گنجائش موجود ہے جس کیلئے صوبائی حکومت کے پاس مالی وسائل بھی موجود ہیں اور کوہستان میں مزید پن بجلی گھروں کی تنصیب کیلئے موزوں مقامات تلاش کئے جائیں تاکہ وہاں پر مزید چھوٹے پن بجلی گھر وں کا قیام عمل میں لایا جا سکے اُنہوں نے کہاکہ ان منصوبوں سے علاقائی آبادی کو تقریباًچار روپے فی یونٹ کے حساب سے انتہائی کم نرخ پر بجلی فراہم کی جائے گی جس سے نہ صرف مقامی سطح پر 24 گھنٹے عوام کو بجلی میسر ہو گی بلکہ بجلی بحران پر بھی خاطر خواہ قابو پایا جا سکے گا وزیراعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لوئر کوہستان میں کالج کے قیام کے اقدامات کو تیز کیا جائے کیونکہ کوہستان جیسے پسماندہ علاقے میں تعلیم کی فراہمی کی زیادہ ضرورت ہے اور صوبائی حکومت کا یہ مشن ہے کہ صوبے کے عوام کو ہر سطح پر تعلیم کے زیو ر سے آراستہ کیا جائے گا وزیراعلیٰ نے اس موقع پر وفد کویقین دلایا کہ کوہستان میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام پر بھی غور کیا جائے گا جس کو آدھی قیمت پر بجلی فراہم کی جائے گی اور اس سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے وزیراعلیٰ نے رانولیہ ہائیڈل پراجیکٹ لوئر کوہستان کی ٹرانسمشن لائن میں متاثر گھروں اور پراجیکٹ کی بنائی گئی سٹرک کے اراضی مالکان کی مالی معاونت کی بھی ہدایت کی ۔