مجرموں کو بچانے کے لئے وزارت داخلہ پر دباؤ مت ڈالیں،سیکرٹری داخلہ کی ایم این اے شیراکبر کووارننگ

بدھ 11 نومبر 2015 09:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11نومبر۔2015ء)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں سیکرٹری داخلہ شاہد خان نے ایم این اے شیراکبر کو وارننگ دیتے ہوئے کہاکہ وہ مجرموں کو قانون کے شکنجے سے بچانے کے لئے وزارت داخلہ پر دباؤ مت ڈالیں،سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ارکان پارلیمنٹ بھی اپنا کردار ادا کریں۔

سیکرٹری داخلہ نے شیراکبر پر شدید تنقید کی اور کہا کہ ہم سے غلط کام مت کروائیں اور اس مقصد کیلئے ہم کوئی دباؤ قبول نہیں کریں گے۔ارکان کمیٹی نے چےئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ رانا شمیم پر بھی شدید تنقید کی اور انہیں وزارت داخلہ کے افسران کے سامنے بھیگی بلی نہ بننے کی تلقین کی۔ایم این اے نعیم کشور نے رانا شمیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بیوروکریسی کے سامنے جھک کر ہمیں ذلیل نہ کروائیں جس پر رانا شمیم نے اپنی نشست پر کھڑے ہوکر سیکرٹری داخلہ کی منت سماجت کرنا شروع کردی جس پر ارکان خاموش نہ رہ سکے اور انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

بونیر سے منتخب رکن قومی اسمبلی شیراکبر نے کہا بونیر کے لوگ ملائیشیاء اور شارجہ میں مقیم ہیں متعدد لوگوں نے جعلی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بنوائے تھے اب ان کو معاف کر دیا جائے اور انہیں سزائیں نہ دلوائی جائیں جس پر سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ مجرموں کو ضرور سزائیں ملیں گی۔رکن کمیٹی محمد غالب خان نے الزام لگایا کہ فاٹا میں افغانیوں کو شناختی کارڈ جاری ہو رہے ہیں اور حال ہی میں غزنی کے ایک شہری کو شناختی کارڈ دیا گیا ہے جس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔سیکرٹری داخلہ نے شیراکبر کو منہ پر کھری کھری سنا دیں اور ارکان منہ تکتے رہ گئے

متعلقہ عنوان :