اسلام آباد ہائیکورٹ،غداری کیس میں شوکت عزیز‘ سابق چیف جسٹس عبدالحمید اور زاہد حامد کیخلاف شریک ملزمان کارروائی بارے خصوصی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار ،صرف پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ کی سماعت کی جائے، عدالتی حکم

بدھ 11 نومبر 2015 09:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11نومبر۔2015ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز‘ سابق چیف جسٹس عبدالحمید اور سابق وزیر قانون زاہد حامد کے خلاف شریک ملزمان کارروائی بارے خصوصی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے اور کہا ہے کہ صرف سابق صدر و آرمی چیف پرویز مشرف کے خلاف غداری مقدمہ کی سماعت کی جائے۔ یہ حکم جسٹس نور الحق قریشی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بنچ نے منگل کے روز سنایا ہے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر رکھا تھا جو گزشتہ روز جاری کیا ہے جس میں عدالت نے خصوصی عدالت کے 21 نومبر 2014 کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا ہے جس میں خصوصی عدالت نے سابق چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر‘ سابق وزیراعظم شوکت عزیز اور سابق وزیر قانون زاہد حامد کو مشرف کی جانب سے لگائی گئی ایمرجنسی اور غداری کے مقدمے میں شریک ملزم قرار دیتے ہوئے مذکورہ بالا شخصیات کو بھی شامل تفتیش کیا تھا تاہم مذکورہ بالا شخصیات نے خصوصی عدالت کے اس فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا اور خصوصی عدالت کو کام کرنے سے روک دیا تھا۔

(جاری ہے)

اس دوران اسلام آباد ہائیکورٹ نے مختلف سماعتوں میں سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل فروع نسیم اور درج بالا شخصیات کے وکلاء افتخار گیلانی‘ وسیم سجاد اور توفیق آصف و دیگر نے دلائل دیئے تھے۔ سابق چیف جسٹس سابق وزیراعظم اور سابق وزیر قانون کا موقف تھا کہ سابق آرمی چیف نے ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ اور آئین سے ماورا اقدام ذاتی حیثیت سے کیا تھا ان کا مشرف کے ساتھ اس اقدام میں کوئی حصہ نہیں تھا۔

اس لئے وہ سابق صدر کے اس جرم میں شریک نہیں لہذا ان کے خلاف خصوصی عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے صرف پرویز مشرف کے خلاف کارروائی جاری کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔ سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل کا موقف تھا کہ سابق صدر نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر ایمرجنسی نافذ کی تھی جبکہ سابق چیف جسٹس اور سابق وزیر قانون نے اپنی اپنی بساط کے مطابق اس میں کردار ادا کیا تھا۔

اس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا منگل کے روز درخواستیں نمٹاتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر پرویز کے خلاف غداری مقدمہ کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت کے پرویز مشرفو کے معاوین کے حوالے سے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے گا واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں موقف اختیار کیا تھا کہ عدالت اگر حکم دے تو وہ مزید تفتیش کیلئے تیار ہے۔