ایاز صادق سے ذاتی اختلاف نہیں ہے ہم نظام کو ٹھیک کرنے کی بات کر رہے ہیں، شاہ محمود قریشی، پچھلے ڈھائی سال میں ایوان کے اندر اپوزیشن جماعتیں موجود ہونے کے باوجود اپنا فعال کردار ادا نہیں کر رہیں ،میڈیا سے گفتگو

منگل 10 نومبر 2015 09:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10نومبر۔2015ء) پاکستان تحریک کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کا مرکزی کردار نہ ہونے کے باوجود اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے کردار کو اجاگر کیا ہے ، ایاز صادق سے ذاتی اختلاف نہیں ہے ہم نظام کو ٹھیک کرنے کی بات کر رہے ہیں ۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دیگر ارکان قومی اسمبلی پی ٹی آئی کے ہمراہ میڈیا خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سپیکر کے انتخاب کے لئے اپنا امیدوار اس لئے نامزد کیا تھا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے اور یہ ضرورت بھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے محسوس کیا ہے کہ پچھلے ڈھائی سال میں ایوان کے اندر اپوزیشن جماعتیں موجود ہونے کے باوجود اپنا فعال کردار ادا نہیں کر رہی اس لئے ہم نے حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے تین بڑے دھڑے ہیں جن میں پی ٹی آئی ، پی پی پی اور ایم کیو ایم ہیں جن میں دو جماعتوں نے سپیکر کے انتخاب میں حکومت کی حمایت کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم فاٹا کے آزاد ارکان اسمبلی کے نامزد کردہ سپیکر شپ کے امیدوار ڈاکٹر جی جی جمال کے لئے فراخدلی کے ساتھ ان کی حمایت کریں لیکن ہم خدشہ تھا کہ وہ آخری وقت میں اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں گے اور ایسا ہی ہوا انہوں نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کے تمام ارکان قومی اسمبلی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اپنے سپیکر شپ کے امیدوار شفقت محمود کو بغیر کسی لالچ اور دباؤ کے ووٹ دیئے ہیں ۔