سپیکر کاانتخاب :نوازشریف نے سردارایاز صادق کو دوبارہ امیدوارنامزد کردیا،جمہوریت کی مضبوطی کیلئے سردارایاز صادق کا کردار لائق تحسین ہے ،امید ہے وہ مستقبل میں بھی پارلیمانی روایات کا تقدس بحال رکھیں گے ،وزیراعظم کی سابق سپیکر سے گفتگو

اتوار 8 نومبر 2015 10:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8نومبر۔2015ء)وزیراعظم میاں نوازشریف نے سردارایاز صادق کو مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سپیکرقومی اسمبلی نامزد کر دیا۔ہفتہ کو وزیراعظم نوازشریف سے سردار ایاز صادق نے رائیونڈ میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں قومی اسمبلی کے سپیکر کے انتخاب پر بات چیت کی گئی ۔ملاقات میں اہم دیگر سیاسی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ،وزیر اعظم نے سردار ایاز صادق کو د وبارہ ممبر قومی اسمبلی بننے پر مبارکباد دی ،اس موقع پر وزیراعلیٰ شہبازشریف سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے ،وزیر اعظم نے سپیکر کیلئے ایاز صادق کو نامزد کرتے ہوئے باضابطہ منظوری دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کو پروان چڑھانے کے لئے سردارایاز صادق کا کردار لائق تحسین ہے اور ان کی جمہوریت اور پارلیمنٹ کے لئے کاوشیں فراموش نہیں کی جاسکتیں ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہاکہ امید ہے کہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی سردار ایاز صادق پارلیمانی روایات کا تقدس بحال رکھیں گے اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ایوان کے تمام اراکین کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔اس موقع پر سردارایاز صادق نے مسلم لیگ(ن) کی طرف سے سپیکر قومی اسمبلی کیلئے دوبارہ امیدوار نامزد کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ،سپیکر کیلئے کاغذات نامزدگی (آج) جمع کرائے جائیں گے اور اب مسلم لیگ (ن)کی طرف سے سردار ایاز صادق کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے ،دوسری جانب ذرائع نے بتایا ہے کہ سردار ایاز صادق کو امیدوار نامزد کرنے کے معاملے پر پارٹی سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی اور نہ ہی کوئی پارٹی پارلیمانی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :