کالعدم تحریک طالبان پاکستان گلگت میں سکیورٹی فورسز پر حملہ کرسکتی ہے ،وزار ت داخلہ،ٹی ٹی پی کا حمید گروپ نانگا پربت اور چلاس واقعہ میں ملوث اپنے ساتھیو ں کی رہائی کیلئے منصوبہ بنا رہا ہے ،سکیورٹی اہلکاروں کو اغواء بھی کرسکتا ہے ،حفاظتی اقدامات سخت کیے جائیں ،گلگت حکومت کو خط

جمعرات 5 نومبر 2015 09:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5نومبر۔2015ء)وزارت داخلہ نے گلگت بلتستان حکومت کو خبردار کیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نانگا پربت اور چلاس واقعہ میں ملوث ملزمان کو چھڑانے کے لئے سکیورٹی فورسز پر حملے اور انہیں اغواء کرسکتی ہے ، یہ منصوبہ بندی ٹی ٹی پی کی ذیلی شاخ”حمید“ کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کی جانب سے گلگت بلتستان حکومت کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان کا ذیلی گروپ حمید اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کے لئے سکیورٹی فورسز ، پولیس تھانوں ، جیلوں پر حملے کرسکتا ہے اور جبکہ ٹی ٹی پی سکیورٹی اہلکاروں کو اغواء بھی کرسکتی ہے ، اس لئے گلگت بلتستان حکومت صورتحال پر نظر رکھے اور سیکیورٹی اہلکاروں ، تھانوں ، جیلوں سمیت اہم سرکاری املاک کی حفاظت کے لیے تمام حفاظتی اقدامات اٹھائے۔

واضح رہے کہ جون 2013 میں آرمی کی یونیفارم میں ملبوس دہشت گردوں نے گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں نانگا پربت بیس کیمپ پر حملہ کرکے 9 غیر ملکی سیاحوں اور ایک پاکستانی گائیڈ کو ہلاک کردیا تھا۔ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ حملے میں 12 دہشت گرد ملوث تھے، جن میں سے 5 کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ 7 کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔