مفاہمتی پالیسی ، پی پی پی سپیکر قومی اسمبلی کیلئے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار کی حمایت کرے گی،پیپلزپارٹی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل طلب

جمعرات 5 نومبر 2015 09:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5نومبر۔2015ء)پاکستان پیپلزپارٹی ایک بار پھر مفاہمتی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی کیلئے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار کی حمایت کرے گی،قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید شاہ نے اس حوالے سے پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جمعہ کے روز طلب کرلیا ہے۔خبر رساں ادارے ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نے سپیکر قومی اسمبلی کیلئے اپنا امیدوار نہ کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کیلئے اجلاس چھ نومبر کو طلب کیا گیا ہے جس میں سپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کیلئے رائے شماری میں پاکستان پیپلزپارٹی کا حصہ نہ لینے کا مکان ہے،اس حوالے سے جب پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قمرزمان کائرہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے تو اس بارے میں کوئی علم نہیں ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی سپیکر کیلئے اپنا امیدوار کھڑا کر رہی ہے کہ نہیں،سپیکر قومی اسمبلی کے حوالے سے پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ میری ذاتی رائے ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو دیگر اپوزیشن جماعتوں سے مل کر سپیکر قومی اسمبلی کیلئے اپنا امیدوار کھڑا کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں میں کوآرڈینیشن کا فقدان ہے،بیشتر فیصلوں کے بارے میں مرکزی عہدیداران بھی لاعلم رہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ضمنی اور بلدیاتی الیکشن میں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے