میڈیا سے الجھے کی بجائے چند دنوں کیلئے ملک سے باہر چلے جائیں، خورشید شاہ کا عمران کو مشورہ،مائنس ون فارمولا قبول نہیں، بلاول بھٹو زرداری نئی پارلیمنٹ میں آئیں گے،سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے نتائج سے مخالفین کے منہ بند ہوگئے، تحریک انصاف کی تنزلی شروع ہوگئی ،مسلم لیگ (ن) کا گراف بھی گرا ہے،نواز شریف کو موجودہ وزیر اعظم کے بااختیار نہ ہونے کا تاثر کو زائل کر نا ہوگا،اپوزیشن لیڈر کی گفتگو

جمعرات 5 نومبر 2015 09:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5نومبر۔2015ء)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے چیئرمین تحریک انصاف کو مشورہ دیا ہے کہ وہ میڈیا سے الجھنے کی بجائے کچھ دنوں کیلئے ملک سے باہر چلے جائیں،پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے موجودہ پارلیمنٹ میں نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے ،2018 کے عام انتخابات میں الیکشن جیت کر ایوان کا حصہ بنیں گے،پیپلز پارٹی میں مائنس ون فارمولا قبول نہیں، بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے ثابت ہو گیا ہے کہ تحریک انصاف کی تنزلی شروع ہوگئی ہے،نواز شریف کو موجودہ وزیر اعظم کے بااختیار نہ ہونے کا تاثر کو زائل کر نا ہوگا،بدھ کے روز میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کا میڈیا کے ساتھ الجھنا درست نہیں ہے،سیاست دان کی نجی زندگی کا معاملہ نجی نہیں ہوتا، ہمیشہ سیاستدانوں کا کردار عوامی ملکیت ہوتا ہے،سیاستدانوں کا کوئی عمل ذاتی نہیں ہوتا ، میری ذاتی رائے ہے کہ عمران خان کو بھی ریحام خان کی طرح کچھ دن کے لیے ملک سے باہر چلے جانا چاہئیے،عمران خان اور ریحام خان کی آئندہ زندگی کیلئے دعا گو ہوں،خورشید شاہ نے کہا کہ آئین پاکستان وزیر اعظم کو بااختیار بنانا ہے ،وزیر اعظم یہ اختیارات استعمال نہیں کریں گے تو آئین کمزور ہوگا ،نواز شریف کو موجودہ وزیر اعظم کے بااختیار نہ ہونے کاتاثر کو زائل کرنا ہوگا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ میں شروع سے لیکر اب تک سکھر پیپلز پارٹی کا گڑھ رہی ہے ،بلدیاتی الیکشن کے دوران پیپلز پارٹی نے شاندار کامیابی حاصل کر کے مخالفین کے منہ بند کر دیئے ہیں جو یہ سمجھتے تھے کہ پیپلز پارٹی ختم ہوگئی ہے ،انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے نتائج کااثر بھی دیگر دو مراحل کے نتائج پر ضروراثر ہوگا،ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن کے دوران سندھ اور پنجاب میں تحریک انصاف کو بری شکست ہوئی ہے ،نتائج سے ثابت ہوگیا ہے کہ پی ٹی آئی کی تنزلی شروع ہوگئی ہے جبکہ ان الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کا گراف بھی گرا ہے،خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نئی پارلیمنٹ کا حصہ ہوں گے انہوں نے موجودہ پارلیمنٹ میں نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے ،پیپلزپارٹی میں مائنس ون فارمولا قبول نہیں ماضی میں مائنس ون فارمولے سے جمہوریت کو شدید نقصان پہنچا ہے،انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے سیاست دانوں کو الیکشن لڑنے سے روکا جارہا ہے جو سمجھ سے بالاتر ہے،