چیف الیکشن کمشنر کا بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں بے ضابطگیوں پر اظہاربرہمی،انتظامات مزید بہتر کرنے کی ہدایت ، انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،چیف الیکشن کمشنر کا بیلٹ پیپر کی کمی،غلط پرنٹنگ کا بھی نوٹس،دھاندلیوں میں ملوث عملے کیخلاف کارروائی کی ہدایت،ضرورت پڑنے پر حساس پولنگ سٹیشنوں پر صوبوں کی مشاورت سے فوج تعینات کی جائے گی،سردار رضا خان کی ہدایت

جمعرات 5 نومبر 2015 09:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5نومبر۔2015ء) چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے پنجاب اور سندھ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اگلے مرحلے کیلئے انتظامات مزید بہتر کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ضرورت پڑنے پر حساس پولنگ سٹیشنوں پر صوبوں کی مشاورت سے فوج تعینات کی جائے گی الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر کی صدارت میں منعقد ہوا اجلاس میں چاروں صوبوں کے ممبران کے علاوہ الیکشن کمیشن کے ممبران اور دیگر حکام نے شرکت کی اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ہونے والی بے ضابطگیوں اور امیدواروں اور حکومتی عہدیداروں کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن کو تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں بدانتظامی میں ملوث انتخابی عملے کے خلاف کارروائی کی جائے گی انہوں نے بیلٹ پیپر کی کمی اور غلط پرنٹنگ کا بھی نوٹس لیتے ہوئے دھاندلیوں میں ملوث عملے کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر نے سندھ اور پناجب مین بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے موقع پر مزید موثر انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے دوسرے مرحلے کے موقع پر ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے کردار کو مزید موثر بنایا جائے انہوں نے کہا کہ اگر حساس اضلاع میں ضرورت محسوس ہوئی تو صوبوں کی مشاورت سے پولنگ سٹیشنوں پر فوج تعینات کی جائے گی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔