فیکٹری کی عمارت گرنے کا انتہائی اندوہناک اورافسوسناک حادثہ ہے،قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ ہے‘ شہبازشریف،وزیراعلیٰ شہبازشریف کا بغیر پروٹوکول شریف میڈیکل کمپلیکس رائے ونڈ کا دورہ ،سندر فیکٹری حادثہ کے زخمیوں کی عیادت ، المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے مزدورں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں ،میری ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں،ہماری پوری کوشش ہے کہ ملبے تلے مزدوروں کو بحفاظت نکال لیا جائے،اس مقصد کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ،جس کی روشنی میں کارروائی ہوگی،وزیراعلیٰ کی زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعرات 5 نومبر 2015 08:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5نومبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گزشتہ روز شریف میڈیکل کمپلیکس رائے ونڈ میں سندر فیکٹری حادثے میں زخمی مزدوروں کی فرداً فرداً عیادت کی،ان کی خیریت دریافت کی اور حادثے کی تفصیلات معلوم کیں۔زخمی مزدوروں کی عیادت کے بعد وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے فرداً فرداً تمام زخمیوں کی عیادت کی ہے۔

ہسپتالوں میں زخمیوں کے علاج معالجہ کے لئے بہترین طبی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔فیکٹری کی عمارت کے گرنے کا حادثہ اس وقت پیش آیا جب مزدوروہاں کام کررہے تھے ۔جائے حادثہ پرصوبائی وزراء ، انتظامیہ اورامدادی سرگرمیوں کے ادارے موجود ہیں۔ مزدوروں کو ملبے سے نکالنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ملبے تلے دبے مزدوروں کو بحفاظت نکال لیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے جس کی روشنی میں کارروائی ہوگی۔وزیراعلیٰ نے شریف میڈیکل کمپلیکس میں زخمی مزدوروں کی عیادت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور اضافی ڈاکٹرز اورطبی عملہ بھی جلد بلایا جائے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جن ہسپتالوں میں سندر حادثہ کے زخمی مزدور زیر علاج ہیں وہاں ہیلپنگ ڈیسک قائم کیے جائیں جہاں 24گھنٹے عملہ موجود رہے اور لواحقین کو رہنمائی فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملہ جانفشانی سے زخمیوں کی دیکھ بھال کرے اورانہیں ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ فیکٹری کی عمارت گرنے کا انتہائی اندوہناک اورافسوسناک حادثہ ہے اس المناک حادثہ میں جاں بحق ہونے والے مزدورں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اورافسوس ہوا ہے اورہمیں جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے ہمدردی ہے ۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ نے سندر فیکٹری حادثہ کی خبر کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیاں تیزکرنے کی ہدایت کی اور وہ خود ذاتی طورپر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کرتے رہے۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ امدادی سرگرمیوں اور ملبے تلے دبے مزدوروں کو بحفاظت نکالنے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

متعلقہ عنوان :