حکومتوں نے کبھی اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہیں کئے جس سے آج ہمارا ملک کرپشن میں بہت آگے اور ترقی میں بہت پیچھے رہ گیاہے ،عمران خان،بنگلادیش جیسا ملک بھی ہم سے آگے نکل چکا ہے، 6,6 بار باریاں حکومتوں میں آنے کے بعد بھی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ بلدیاتی انتخابات نہیں کرواسکے ، آمروں کے دور میں بلدیاتی انتخابات ہوئے تو اقتدار نچلی سطح پر منتقل نہیں ،ہر معاشرے میں تہذیب ہوتی ہے، کسی کی ذاتی زندگی پر سوال کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے،پشاور میں پریس کانفرنس

بدھ 4 نومبر 2015 09:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4نومبر۔2015ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاکہ پاکستان حکومتوں نے کبھی اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہیں کئے جس کے نتیجے میں آج ہمارا ملک کرپشن میں بہت آگے اور ترقی میں بہت پیچھے رہ گیاہے بنگلادیش جیسا ملک بھی ہم سے آگے نکل چکا ہے 6,6 بار باریاں حکومتوں میں آنے کے بعد بھی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ بلدیاتی انتخابات نہیں کرواسکے جبکہ آمروں کے دور میں بلدیاتی انتخابات ہوئے تو اقتدار نچلی سطح پر منتقل نہیں کیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ 60 کی دہائی میں پاکستان ترقی میں سب سے آگے تھا لیکن جمہوری آمروں نے تمام اختیارات اپنے پاس رکھے جس سے ملک میں زوال آیا تاہم خیبرپختونخوا کی حکومت تاریخ میں پہلی بار گاوٴں کے لوگوں تک فنڈز پہنچائے گی اور تمام بلدیاتی نمائندوں کو بلاتفریق فنڈز دیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں کو خود مختار بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لیے ہسپتالوں کو حکومتی کنٹرول سے نکال کر بورڈ آف گورننس کے تحت لائیں گے کیوں کہ حکومتی نظام مکمل بیٹھ چکا ہے اور جب تک ہسپتال حکومتی کنٹرول میں رہے گا یہ آگے نہیں چل سکتا کیوں کہ پرانے نظام کے تحت ڈاکٹرز اور ایڈمنسٹریشن تو فائدے اٹھاتی ہے لیکن مریض خوار ہورہے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ آف گورننس میں عام شہریوں کو شامل کیا گیا ہے اور انہیں مکمل اختیارات دیئے جائیں گے جو خود میرٹ پر ڈاکٹرز اور ایڈمنسٹریشن کو رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے نظام کے تحت حکومتیں پیسے بناتی رہی ہیں اور ایل آر ایچ میں پچھلے 7 سال سے نئی بلڈنگ بن رہی ہے جو 7 ارب روپے خرچ ہونے کے بعد بھی مکمل نہیں ہوا جب کہ شوکت خانم پر 3 ارب روپے خرچ ہوئے اور 3 سال میں مکمل بھی ہوا۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہسپتالوں سے متعلق نیا سسٹم جنوری 2015 میں اسمبلی سے پاس ہونے کے باجود عملدرآمد نہیں ہوا کیوں کہ کچھ ڈاکٹرز کا گروپ ہے جو پرانے سسٹم سے بے پناہ فائدہ اٹھا رہے ہیں اس لیے ہم عدلیہ سے درخواست کرتے ہیں کہ ڈاکٹرز مافیا ہسپتالوں میں بہتری نہیں آنے دے رہیاور اسٹے آرڈر کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم نے کے پی میں ستائیس کروڑ درخت لگائے ہیں ملک میں پہلی بارکسی حکومت کو ماحولیات کی فکر ہوئی ہے پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے عمران خان اور ریحام خان کی طلاق سے متعلق سوال کیا جس پر چیرمین پی ٹی آئی برہم ہوگئے اور صحافی کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ ہر معاشرے میں تہذیب ہوتی ہے اور کسی کی ذاتی زندگی پر سوال کرتے ہوئے آپ کو شرم آنی چاہئے۔