میرے حوالے سے پھیلائی گئی تمام افواہیں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں، طلاق کا فیصلہ میری لندن روانگی سے صرف چار روز قبل کیا گیا تھا،پارٹی فنڈز، بینک اکاؤنٹس رکھنے اور کراچی میں روابط استوار کرنے سے متعلق اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں، ذہنی سکونکیلئے ان دنوں لندن میں اپنی فیملی اور دوستوں کے ساتھ وقت گزار رہی ہوں

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کی نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 3 نومبر 2015 09:50

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3نومبر۔2015ء )تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے ان سے متعلق پھیلائی گئی تمام افواہوں کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ طلاق کا فیصلہ ان کی لندن روانگی سے صرف چار روز قبل کیا گیا تھا،پارٹی فنڈز، بینک اکاؤنٹس رکھنے اور کراچی میں روابط استوار کرنے سے متعلق اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔

(جاری ہے)

پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگوکرتے ہوئے ریحام خان نے بتایا کہ طلاق کا فیصلہ ان کی لندن روانگی سے صرف چار روز قبل کیا گیا تھا۔ اس سے پہلے طلاق کے موضوع پر کبھی کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔ یہ بھی واضح کردیا کہ انہوں نے عمران خان سے کوئی مالی مطالبہ نہیں کیا۔ پارٹی فنڈز، بینک اکاؤنٹس رکھنے اور کراچی میں روابط استوار کرنے سے متعلق اطلاعات میں بھی کوئی صداقت نہیں۔ریحام خان کا کہنا تھا کہ وہ صرف اپنے شوہر کا ساتھ دے رہی تھیں۔ ان سے متعلق افواہیں پھیلائی گئیں اور وہ ایسے عناصر کے خلاف جلد مہم چلائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ذہنی سکون کے لیے ان دنوں وہ لندن میں اپنی فیملی اور دوستوں کے ساتھ وقت گزار رہی ہیں۔