وزیراعظم نواز شریف کی تیمر گرہ کے 203زلزلہ متاثرین میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم،کوشش ہے کہ ہر متاثرہ شخص تک جلد سے جلد امداد پہنچائی جائے،متاثرین کی امداد اور بحالی کی سرگرمیوں پر پاک فوج وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور دیگر اداروں کا مشکور ہوں، وزیراعظم

منگل 3 نومبر 2015 09:45

تیمر گرہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3نومبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے تیمر گرہ کے 203زلزلہ متاثرین میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کر تے ہوئے کہا ہے کہ امدادی رقوم جاں بحق افراد کی جانوں کا نعم البدل نہیں، وعدے کے مطابق امدادی رقوم کے چیکس کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا ہے، کوشش ہے کہ ہر متاثرہ شخص تک جلد سے جلد امداد پہنچائی جائے،متاثرین کی امداد اور بحالی کی سرگرمیوں پر پاک فوج وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور دیگر اداروں کا مشکور ہوں،متاثرین کو خیمے،کمبل اور خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وہ پیر کو لوئر دیر کے علاقے تیمرگرہ میں زلزلہ متاثرین سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نواز شریف کے تیمر گرہ میں جی او سی میجر جنرل ناصر اور چیئرمین این ڈی ایم اے کی طرف سے زلزلہ نقصانات اور امدادی سر گرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید، گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب خان، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ لوئر دیر میں حالیہ زلزلہ کے نتیجے میں 2209گھر مکمل تباہ جبکہ 5132جزوی طور پر تباہ ہوئے،زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں چکدرہ، جندور، لال قلعہ میدان، تیمر گرہ، خال اور غلام بٹ کے علاقے شامل ہیں۔وزیراعظم نواز شریف نے زلزلے کے نتیجے میں تباہ ہونے والے گھروں کے 203افراد میں امدادی چیکس تقسیم کئے،وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر بینکوں کی طرف سے لوگوں کو رقم دینے کیلئے متاثرہ علاقوں میں کاؤنٹرز بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔