امن و امان کی صورتحال میں بہتری ،ملک میں سرمایہ کاری میں تین ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے،مفتاح اسماعیل ، 2017 ء تک لوڈ شیڈنگ ختم کردی جائے گی ،عالمی سرمایہ کاری کانفرنس نومبر کے پہلے ہفتے میں اسلام آباد میں ہو گی، دو ہزار سے زائد انٹرنیشنل و نیشنل لیول کے سرمایہ کار شرکت کریں گے، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کی پریس کانفرنس

ہفتہ 31 اکتوبر 2015 09:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31اکتوبر۔2015ء) چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کی وجہ سے سرمایہ کاری میں تین ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ ملک سے 2017 ء تک لوڈ شیڈنگ ختم کردی جائے گی عالمی سرمایہ کاری کانفرنس نومبر کے پہلے ہفتے میں اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی جس میں دو ہزار سے زائد انٹرنیشنل و نیشنل لیول کے سرمایہ کار شرکت کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ مفتاح اسماعیل نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی قومی مجموعی پیداوار 15.1 فیصد تک پہنچ گئی اور امید کرتے ہیں کہ 2018 ء تک 20 فیصد ہوجائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے ہم نے گزشتہ سال بوھی عالمی سرمایہ کاری کانفرنس کی تھی جس میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے شرکت کی تھی اس مرتبہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی شرکت دوگنا ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں چین ‘ ہانگ کانگ‘ امریکہ‘ بحرین‘ سعودی عرب سمیت 29 ممالک کے لوگ شرکت کریں گے کانفرنس دو دن تک محیط ہوگی ۔ وزیراعظم نواز شریف کانفرنس کا افتتاح کریں گے اس کے بعد وفاقی وزراء و سیکرٹری خواجہ آصف ‘ وفاقی وزیر قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر وزراء اپنی اپنی وزارت کی بریفنگ دیں گے۔ جبکہ دوسرے روز وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بریفنگ دیں گے اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی تقریب سے خطاب کریں گے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مہنگائی میں دو فیصد کمی آئی ہے سٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں بھی کافی کمی آئی ہے جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگئی ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کو بڑھانے کیلئے دبئی میں متعین کئے گئے سفیر جاوید ملک کو میں نہیں جانتا اور یہ بھی نہیں معلوم کہ انہیں سرمایہ کاری کو بڑھانے کیلئے مقرر کیا گیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور آنے والے دنوں میں پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگا۔