پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ ،آج 12اضلاع میں میدان سجے گا، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ،گجرات اور فیصل آباد کے سات یونین کونسلوں میں بلدیاتی انتخابات اگلے مرحلے میں منتقل ،الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن جاری ،امن و امان کیلئے فوج طلب

ہفتہ 31 اکتوبر 2015 09:04

لاہور(میاں محمد ندیم سے۔ اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31اکتوبر۔2015ء) بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے کیلئے پنجاب کے بارہ اضلاع میں پولنگ آج ہوگی،ووٹرز کیلئے اصل شناختی کارڈ ساتھ لانا لازمی ہوگا،لاہور سمیت پنجاب کے بارہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ صبح ساڑھے سات بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک جاری رہے گی،الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں کوئی بھی ووٹر اپنا اصل شناختی کارڈ دکھائے بغیر ووٹ کاسٹ نہیں کرسکے گا،جبکہ زائد المعیاد شناختی کارڈ پر ووٹ ڈالنے کی اجازت دیدی گئی ہے،تاہم پاسپورٹ،ڈرائیونگ لائسنس یا نادرا کی رسید سے ووٹ نہیں ڈالا جا سکے گا،پنجاب میں چئیرمین اور وائس چیئرمین کیلئے بیلٹ پیپرز نیلا ہوگا،جبکہ کونسلر کیلئے سفید رنگ کا بیلٹ پیپرز استعمال کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلے میں جن بارہ اضلاع کی مقامی حکومتوں کے نمائندوں کا انتخاب ہو گا ان میں لاہور، فیصل آباد، گجرات، چکوال، ننکانہ، قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی، بہاولنگر اور لودھراں میں دو کروڑ پچاسی لاکھ تین سو انتیس ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ صوبے میں سولہ ہزار دو سو چھیاسٹھ پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ چیئرمین اور وائس چیئرمین کی نشستوں کیلئے چھ ہزار تین سو سات امیدوار میدان میں ہیں۔

سولہ کو بلا مقابلہ کامیاب قرار دیا جا چکا ہے۔ جنرل کونسلر کیلئے تینتیس ہزار سات سو چورانوے امیدواروں میں مقابلہ ہو گا۔ ان نشستوں پر سات سو اٹھاون امیدوار بھی بلا مقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں۔ بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں سندھ کے آٹھ اضلاع میں بھی پولنگ ہو گی۔ لاڑکانہ، جیکب آباد، شکار پور، کندھ کوٹ، کشمور، گھوٹکی اور وزیر اعلیٰ سندھ کے آبائی ضلع خیر پور میں انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

صوبے میں تین سو تینتیس یونین کونسلوں میں دس ہزار ستاسی امیدوار آمنے سامنے ہیں۔ سات سو سات کو بلا مقابلہ قرار دیا جا چکا ہے۔ آٹھ اضلاع میں چھیالیس لاکھ سترہ ہزار چوبیس ووٹر اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے جن کیلئے چار ہزار اکتیس پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پنجاب اور سندھ کے حساس پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز تعینات ہو گی۔

فوج کو بھی اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔ لاہور کے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے علاقوں میں فوج نے گشت بھی کیا۔ ادھرالیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر گجرات اور فیصل آباد کے سات یونین کونسلوں میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات اگلے مرحلے میں منتقل کردیئے ہیں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق گجرات میں میونسپل کارپوریشن گجرات کے یونین کونسل نمبر 2 کے وارڈ نمبر 4 ‘ یونین کونسل 3 کے وارڈ نمبر 5 ڈسٹرکٹ کونسل گجرات کے یونین کونسل 107 کے وارڈ نمبر 4 یونین کونسل 108 کے وارڈ نمبر 4 جبکہ ڈسٹرکٹ کونسل فیصل آباد کے یونین کونسل 158 ‘ یونین کونسل 174 اور یونین کونسل 176 کے وارڈ نمبر 5 میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات اگلے مرحلے میں منتقل کردیئے ہیں اگلے مرحلے کے انتخابات 19 نومبر 2015 ء کو ہوں گے نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ انتظامی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

ادھرلاہور سمیت پنجاب کے بارہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے سکیورٹی کے انتظامات مکمل،امن و امان کیلئے فوج طلب کرلی گئی۔پنجاب کے بارہ اضلاع لاہور، فیصل آباد، گجرات، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ، چکوال، پاکپتن، وہاڑی، بھکر، لودھراں اور بہاولنگر میں بلدیاتی الیکشن کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں،،پولیس نے دفعہ ایک سو چوالیس کا نفاذ کرتے ہوئے لائسنسی اسلحہ کی نمائش پر پابندی لگا دی ہے۔

پنجاب میں 16266پولنگ اسٹیشنز میں سے 3551کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے،جبکہ لاہور کے 3269پولنگ اسٹیشنوں میں سے839 کو انتہائی حساس اور 2430حساس قرار دیئے گئے ہیں،،سول انتظامیہ نے امن و امن برقرار رکھنے کیلئے فوجی دستے طلب کرلئے ہیں،آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی دستے بلدیاتی انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھیں گے،فوج کی تعیناتی حساس اضلاع میں لائی جائیگی،پاک فوج سکیورٹی اداروں کی معاونت کریگی۔