سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ ، انتخابی مہم کا وقت ختم ہوگیا،20اضلاع میں پولنگ کل ہوگی، پنجاب اور سندھ میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کیلئے انتظامات مکمل،بیلٹ پیپرز اور انتخابی ساما ن آج پرائیڈنگ افسران کے حوالے کر دیا جائیگا،پرائزیڈنگ افسران کو تین دن کے لئے مجسٹریٹ کے اختیارات دیدئیے گئے ، بلدیاتی الیکشن کرانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے،امن وامان یقینی بنانے کیلئے فوج سول انتظامیہ کی مدد کرے گی،آئی ایس پی آر

جمعہ 30 اکتوبر 2015 09:44

لاہور/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30اکتوبر۔2015ء)سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی انتخابی مہم کا وقت ختم ہوگیا،20اضلاع میں پولنگ کل31اکتوبر ہفتہ کو ہوگی،سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں31اکتوبر ہفتہ کو20اضلاع میں پولنگ ہورہی ہے،ان اضلاع میں پنجاب کے12اضلاع لاہور،چکوال،فیصل آباد،بکھر،ننکانہ صاحب،قصور،پاک پتن،وہاڑی،لودھراں،بہاؤلنگر،اوکاڑہ اور گجرات جبکہ سندھ کے8اضلاع میں سکھر،خیرپور،گھوٹکی،لاڑکانہ،شکارپور، قمبر شہدادکوٹ،جیکب آباد اور کشمور شامل ہیں،پہلے مرحلے کی انتخابی مہم کا جمعرات کی شب 12 بجے ختم ہوچکا ہے۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کیلئے انتظامات مکمل کر لئے ہیں،آج(جمعہ کو ) پرائیڈنگ افسران کے بیلٹ پیپرز اور انتخابی سامان بھی حوالے کر دیا جائیگا،پرائزیڈنگ افسران کو تین دن کے لئے مجسٹریٹ کے اختیارات دے دیئے گئے ،خلاف ورزی کرنے اور پولنگ میں خلل ڈالنے والوں کو موقع پر ہی چھ ماہ کیلئے جیل بھجوا سکتے ہیں،پہلے مرحلے کیلئے 50 ہزار عملہ تعینات کر دیا گیا ہے،تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں، الیکشن کمیشن کے مطابق آج جمعہ کو پرائزائیڈنگ افسران کو تین دن کے لئے مجسٹریٹ کے اختیارات دے دیئے جائیں گے ،پرائزائیڈنگ افسران انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف موقع پر کارروائی کر سکتے ہیں اور چھ ماہ تک جیل میں بند کر سکتے ہیں، الیکشن کمیشن کے مطابق پرائزائیڈنگ افسران کو بیلٹ پیپرز اور انتخابی سامان آج حوالے کر دیا جائیگا،پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے پچاس ہزار سرکاری عملہ تعینات کر دیا گیا ہے جن میں ریٹرننگ افسران ،ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کے ساتھ ساتھ پرائزائیڈنگ افسران اور اسسٹنٹ پرائزائیڈنگ افسران کو تعینات کر دیا گیا ہے ،الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں 2 کروڑ 47 لاکھ ووٹرز اپنا رائے دہی استعمال کر سکیں گے ،ایک ووٹرز تین ووٹ کاسٹ کرے گاجس کے مطابق بیلٹ پیپرز کی چھپائی بھی مکمل کی گئی ہے،سندھ اور پنجاب کے صوبائی الیکشن کمیشن اور مرکزی الیکشن کمیشن کے ہیڈ کوارٹرز میں بلدیاتی انتخابات کیلئے مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم آج بنا دیا جائیگا جس میں ہر قسم کی شکایات درج کی جا سکیں گی جس کی نگرانی الیکشن کمیشن کے حکام خود کریں گے۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقا عامہ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کرانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے،امن وامان یقینی بنانے کیلئے فوج سول انتظامیہ کی مدد کرے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک بیان میں آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فوجی دستے سول انتظامیہ کی درخواست پر حساس اضلاع میں تعینات کئے جائیں گے۔فوجی دستے ضرورت پڑنے پر سیکورٹی اداروں کی مدد کریں گے