سپریم کورٹ ،ڈاکٹر عاصم کو رینجرز کی تحویل سے اسپتال منتقل کرنے کی درخواست نمٹا دی گئی، جیل منتقل کرنے کا حکم،میڈیکل بورڈ نے ڈاکٹرعاصم کی صحت تسلی بخش قرار دی، اسپتال منتقل کرنے کی ضرورت نہیں،عدالت

جمعرات 29 اکتوبر 2015 09:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29اکتوبر۔2015ء )سپریم کورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین کو رینجرز کی تحویل سے اسپتال منتقل کرنے کی درخواست نمٹاتے ہوئے انھیں جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ ڈاکٹر عاصم کی جانب سے رینجرز کی تحویل سے اسپتال منتقل کرنے کی درخواست کی سماعت جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بدھ کے روزکی ۔

سماعت کے موقع پر جسٹس عظمت سعید کا کہنا تھا کہ میڈیکل بورڈ نے ڈاکٹرعاصم کی صحت تسلی بخش قرار دی ہے جب کہ عدالت 7 رکنی میڈیکل بورڈ کی رپورٹ سے مطمئن ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر عاصم مکمل طور پر صحت مند ہیں اور انھیں اسپتال منتقل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ سپریم کورٹ نے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ڈاکٹر عاصم کی اسپتال منتقل کرنے کی درخواست نمٹادی اور انھیں فوری طور پر جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل ساجد بھٹی پیش ہوئے اور انھوں نے عدالت کوبتایاکہ اس وقت ڈاکٹر عاصم کی صحت بالکل تٹھیک ہے اور انھیں مزید کسی طبی معائنے یاعلاج معالجے کی ضرورت نہ ہے اس لیے ان کے حوالے سے میڈیکل بورڈنے جورپورٹ دی ہے اس کی روشنی مین احکامات جاری کیے جائیں جس پر درج بالا احکامات جاری کیے ۔واضح رہے کہ چند ماہ قبل رینجرز نے سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی ڈاکٹر عاصم حسین کو دہشت گردوں کی معاونت کے الزام میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد ان کا 90 روزہ ریمانڈ بھی لیا گیا تھا تاہم ڈاکٹر عاصم کے اہل خانہ نے ڈاکٹر عاصم کی طبیعت ناساز کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے انھیں رینجرز تحویل سے اسپتال منتقل کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔