افغانستان سے پاکستانی چیک پوسٹ پر حملہ،7 ایف سی اہلکار شہید ،حملے کے بعدپاک افغان کراسنگ پوائنٹ اور ملحقہ علاقوں میں سکیورٹی سخت ،سرچ آپریشن،دہشت گردوں نے انگورا اڈے کے قریب چوکی کو نشانہ بنایا ،زخمی اہلکاروں کو سی ایم ایچ پشاور منتقل کر دیا گیا،ترجمان آئی ایس پی آر،پاکستانی فورسز کی بھر پورجوابی کارروائی ،کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا،رپورٹ

بدھ 28 اکتوبر 2015 09:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28اکتوبر۔2015ء)افغانستان کے علاقے سے دہشت گردوں کا پاکستانی فورسز کی چیک پوسٹ پر بھاری گولہ باری اور فائرنگ سے 7 ایف سی اہلکار شہید ہوگئے ،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ترجمان عاصم سلیم باجوہ کے مطابق منگل کی علی الصبح5 بجے جنوبی وزیرستان کے علاقے انگورا اڈے کے قریب قائم پاکستانی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے افغانستان کے علاقے سے بھاری گولہ سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 7 ایف سی اہلکار شہید ہو گئے ہیں جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں پشاور سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے ،ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کے حملے کے بعد پاک افغان کراسنگ پوائنٹ سے ملحقہ علاقوں کی سکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ،میڈیا رپورٹس کے مطابق انگورا اڈے کے قریب سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر بھاری گولہ باری کی گئی جس کے بعد پاکستانی سکیورٹی فورسزنے بھی بھر پور جوابی کارروائی کی اور دونوں اطراف سے فائرنگ کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا ،رپورٹ کے مطابق افغانستان میں موجود دہشت گردوں نے چیک پوسٹ کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نشانہ بنایا جس میں بھاری اور جدید قسم کے ہتھیار استعمال کئے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ رواں سال یکم جولائی کو بھی افغان حدود سے انگوراڈا کے مقام پر پاکستانی حدود میں فائرنگ اور راکٹ حملے کئے گئے جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شدید زخمی ہوگئے تھے۔