وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا وزیر اعلی کے پی کے پرویز خٹک کو ٹیلی فون، خیبرپختونخوا میں زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر دُکھ اور افسوس کا اظہار وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا ،وزیر اعظم کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون کی پیشکش،وزیراعلیٰ پنجاب کی خیبر پختونخوا حکومت کوریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کیلئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش ،امدادی سرگرمیوں کیلئے متعلقہ عملہ، مشینری اور میڈیکل ٹیمیں خیبر پختونخوا بھجوانے کیلئے تیار ہیں‘ شہبازشریف، امدادی سامان پر مشتمل ٹرک فی الفور خیبر پختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں بھجوائیں گے،قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ ہواہے، جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین سے ہمدردی ہے:وزیراعلیٰ پنجاب

منگل 27 اکتوبر 2015 10:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27اکتوبر۔2015ء ) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے پیر کی شام خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے ساتھ لندن سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان سے زلزلے سے خیبرپختونخوا میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے وزیراعظم کو خیبرپختونخوا میں زلزلے سے متعلق تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سب سے زیادہ نقصان خیبرپختونخوا میں ہوا ہے اور صوبائی حکومت اپنے وسائل سے امدادی کاروائیوں کیلئے پوری طرح متحرک ہو چکی ہے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے وزیراعظم کو ہسپتالوں میں زخمیوں کے علاج معالجے کے انتظامات کے بارے میں بھی تفصیلات سے آگاہ کیا اور صوبائی حکومت کے تمام امدادی اداروں اور انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے وزیرا عظم نواز شریف نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو زلزلے کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے بتایا کہ اُنہوں نے متعلقہ وفاقی اداروں کو خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ ملکر امدادی کاروائیوں کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

ادھروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو ٹیلی فون کر کے خیبر پختونخوا میں زلزلے سے ہونے والے جانی ومالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور خیبر پختونخوا حکومت کوریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کیلئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے- وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کیلئے متعلقہ عملہ اور مشینری کے ساتھ میڈیکل ٹیمیں فوری طو رپر خیبر پختونخوا بھجوانے کے لئے تیار ہیں- پنجاب حکومت مشکل کی اس گھڑی میں خیبر پختونخوا کے متاثرہ لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم اپنے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے-انہوں نے کہاکہ ہم خلوص دل کے ساتھ مصیبت میں گھرے اپنے بہن بھائیوں کی مدد کرنے کے لئے تیار ہیں اور اس ضمن میں امدادی سامان پر مشتمل ٹرک فی الفور خیبر پختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں بھجوانے کے لئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور ادویات ،کمبل اور کھانے پینے کی ضروری اشیاء پر مشتمل ٹرک فوری طو رپر خیبر پختونخوا کے متاثرہ اضلاع میں بھجوائے جائیں گے-انہوں نے کہا کہ مجھے ذاتی طو رپر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ ہواہے اور ہماری ہمدردیاں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔