پی پی کے اہم رہنماؤں کے خلاف نیب مقدمات، مسلم لیگ (ن ) اور پیپلزپارٹی میں مفاہمت میں آڑے آگئے ، نواز شریف، آصف زرداری کے درمیان ملاقات بھی نہ ہو سکی

پیر 26 اکتوبر 2015 09:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26اکتوبر۔2015ء) پیپلزپارٹی کے اہم ترین رہنماؤں کے خلاف نیب مقدمات مسلم لیگ (ن ) اور پیپلزپارٹی میں مفاہمت میں رکاوٹ بن گئے ۔ وزیر اعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات بھی نہ ہو سکی بعض وفاقی وزراء نے اس ملاقات کی سخت مخالفت کی تھی جس کی وجہ سے وزیر اعظم نواز شریف لندن میں قیام کے باوجود زرداری سے ملاقات نہ کر سکے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہمناؤں کے خلاف نیب میں جو مقدمات کئے گئے ہیں یوسف رضا گیلانی ، امین فہیم ، قاسم ضیاء ، شوکت بنگش اور عاصمہ ارباب شامل ہیں کی وجہ سے پاکستان پیپلزپارٹی نے پاکستان مسلم لیگ نواز سے اپنی مفاہمتی پالیسی کو ترک کر دیا ہے اور آئندہ بھرپور طریقے سے اپوزیشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ نیب اپنا آفس چھوڑ کر پاکستان پیپلزپارٹی کے سنٹرل سیکرٹریٹ میں ڈیرے لگا لیں کیونکہ نیب نے اب صرف پاکستان پیپلزپارٹی کے رہمناؤں کے خلاف ہی کارروائی کرنی ہے اس لئے اب پاکستان پیپلزپارٹی نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور مفاہمت کی سیاست کو ترک کر دیا ہے ۔