بھارت کی سیالکوٹ شکر گڑھ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری، 6 افراد زخمی،بھارتی فورسز نے بورے چک، بوپال پور اور مکوال گاوٴں کو نشانہ بنایا، مکوال گاوٴں میں ایک مکان پر 2 مارٹر گولے گرنے سے 2 بھائی زخمی ،پنجاب رینجرز کی جانب سے بھی بھارتی فورسز کو بھرپور جواب

پیر 26 اکتوبر 2015 09:37

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26اکتوبر۔2015ء) بھارتی فورسز کی جانب سے گزشتہ 2 روز سے ورکنگ باوٴنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک 6 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔بھارتی فورسز کی جانب سے ورکنگ باوٴنڈری پر رات بھر سیالکوٹ کے شکر گڑھ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی گئی۔ بھارتی فورسز نے بورے چک، بوپال پور اور مکوال گاوٴں کو نشانہ بنایا، مکوال گاوٴں میں ایک مکان پر 2 مارٹر گولے گرنے سے 2 بھائی عبد الستار اور عبدالجبار زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

دونوں زخمیوں کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔پنجاب رینجرز کی جانب سے بھی بھارتی فورسز کو بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز بھی بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے ایک شخص زخمی ہو گیا تھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد بار بھارتی فورسز ورکنگ باوٴنڈری اور لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کر کے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر چکی ہیں جس کے ثبوت پاکستان اقوام متحدہ اور امریکا کو بھی فراہم کر چکا ہے۔