حکومت کابھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی لگانے کافیصلہ ،حکمت عملی طے کر لی

ہفتہ 24 اکتوبر 2015 09:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24اکتوبر۔2015ء) حکومت پاکستان نے بھارت میں انتہا پسندی کی لہر اور بھارتی حکومت کے منفی رویے کے پیش نظر پاکستان بھرمیں بھارتی فلموں کی نمائش پر محدود عرصے کیلئے پابندی عائدکرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی کے حوالے سے حکومت نے حکمت عملی طے کرلی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں بھارتی فلموں کے پروموٹرزکو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا کہ پاکستان میں بھارت کی فلموں کو امپورٹ نہ کیا جائے،واضح رہے کہ گزشتہ 9 برسوں سے بھارتی فلمیں ملک کے تمام بڑے شہروں میں پیش کی جا رہی ہیں اور بھارتی فلم سازکروڑوں روپے حاصل کرتے ہیں، پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش کے بعد پاکستانی فلم انڈسٹری مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے،پاکستانی فلم سازوں، ہدایت کاروں، پروڈیوسرز ، فنکاروں اور ہنر مندوں نے حکومت کو متعدد مرتبہ آگاہ کیا کہ بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش پر پابندی عائدکی جائے۔