آصف زردار ی کے احتساب کے حوالے سے بیا ن کی تا ئید کر تے ہیں ،جہانگیر ترین،احتسا ب صرف سندھ میں ہو رہا ہے پورے ملک میں نہیں‘ نیب خودمختار ادارہ ہوتا تو نندی پور پاور پراجیکٹ سمیت میٹرو بس‘ قائد اعظم سولر پاور سمیت دیگر اہم منصوبوں میں کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کرتا،میڈیا سے گفتگو

جمعہ 23 اکتوبر 2015 10:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23اکتوبر۔2015ء) تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ٹھیک کہتے ہیں‘ احتسا ب صرف سندھ میں ہو رہا ہے پورے ملک میں نہیں‘ نیب خودمختار ادارہ ہوتا تو نندی پور پاور پراجیکٹ سمیت میٹرو بس‘ قائد اعظم سولر پاور سمیت دیگر اہم منصوبوں میں کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کرتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ نیب کو خود مختار ادارہ ہونا چاہئے جو کہ نہیں ہے جبکہ نیب کرپشن کیسز صرف سندھ سے ہی اٹھا رہا ہے اس حوالے سے اصف علی زرداری ٹھیک ہی کہتے ہیں کہ نیب کرپشن کیسز صرف ان کی جماعت کے خلاف بناتی ہے۔

(جاری ہے)

پورے ملک میں نہیں۔ اگر نیب خودمختار ادارہ ہوتا تو وہ حکومتی منصوبے جن میں میٹرو بس‘ قائداعظم سولر پاور‘ نندی پور سمیت دیگر جاری منصوبوں میں کرپشن کے آوازوں پر کارروائی کرتا اور حکومتی لوگوں میں بھی کرپشن کی بو کو محسوس کرتا مگر نیب ایسا کرنے سے گریز کرتا ہے۔ ان منصوبوں میں بھی کرپشن کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ اس حوالے سے قوانین تو موجود ہیں مگر عمل درآمد نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہسپتالوں کی حالت بہتر ہے اور اس حوالے سے صوبے کے 5 ہسپتالوں کو خودمختار بنا دیا ہے اور دیگر اہم امور پر بھی تیزی سے کام کیا جا رہا ہے جس کو آئندہ کچھ ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا اور صحت کے شعبے میں معاملات کو عوامی امنگوں کے مطابق حل کر دیا جائے گا۔