تحریک انصاف نے نواز اوباملاقات کے مشترکہ اعلامیے کو مایوس کن قرار دیدیا ،وزیراعظم دورہ امریکہ میں پاکستان کیلئے خاطر خواہ ثمرات سمیٹنے میں ناکام رہے، پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی امریکہ کے تحفظات دور نہیں کر سکے،نواز شریف بھارتی جارحیت کا معاملہ بھی امریکی حکام کے سامنے نہیں اٹھا سکے، مسئلہ کشمیر پر غیر رسمی انداز میں بات چیت کی گئی، پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق

جمعہ 23 اکتوبر 2015 10:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23اکتوبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے وزیراعظم نواز شریف اور امریکی صدر باراک اوباما کی ملاقات کے مشترکہ اعلامیے کو مایوس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کیلئے خاطر خواہ ثمرات سمیٹنے میں ناکام رہے جبکہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی امریکہ کے تحفظات دور نہیں کر سکے،نواز شریف بھارتی جارحیت کا معاملہ بھی امریکی حکام کے سامنے نہیں اٹھا سکے، مسئلہ کشمیر پر غیر رسمی انداز میں بات چیت کی گئی۔

جمعرات کو وزیراعظم نواز شریف اور امریکی صدر باراک اوباما کی ملاقات کے مشترکہ اعلامیے پرردعمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اور امریکی صدر باراک اوباما کی ملاقات کے بعد جاری ہونے والا مشترکہ اعلامیہ مایوس کن ہے، وزیراعظم اپنے دورہ امریکہ کے دوران پاکستان کیلئے خاطر خواہ ثمرات سمیٹنے میں ناکام رہے جبکہ وہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر امریکہ کے تحفظات بھی دور نہیں کر سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے حوالے سے امریکی تحفظات کو کس حد تک دور کر سکے ہیں؟۔ نعیم الحق نے کہا کہ وزیراعظم امریکی حکام کے سامنے بھارتی جارحیت کا مسئلہ بھی صحیح طرح سے نہیں اٹھا سکے جبکہ مسئلہ کشمیر پر بھی غیر رسمی انداز میں بات چیت کی گئی ہے۔