چین تھر کول میں سرمایہ کاری بڑھانے، 660میگاواٹ کا ایک اور منصوبہ لگانے پر آمادہ،مٹیاری سے لاہور تک ٹرانسمشن لائن بچھانے کے منصوبے کو چین پاک اقتصادی راہداری کے ترجیہی فہرست میں شامل کرنے پر اتفاق، پانی وبجلی کے سیکریٹری اور چین کے نیشنل انرجی کے وائس ایڈمنسٹریٹرکے درمیان ویڈیو کانفرنس میں مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال

بدھ 21 اکتوبر 2015 09:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21اکتوبر۔2015ء) حکومت چین نے تھر کول توسیعی منصوبے میں سرمایہ کاری بڑھانے اور بجلی کے 660میگاواٹ کا ایک اور منصوبہ لگانے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے ،حبکو (HUBCO) میں کوئلے سے چلنے والے بجلی کے منصوبے میں مزید 660میگاواٹ توسیع کرنے اور مٹیاری سے لاہور تک ٹرانسمشن لائن بچھانے کے منصوبے کو چین پاک اقتصادی راہداری کے ترجیہی فہرست کے منصوبوں میں شامل کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

وزارتِ پانی وبجلی کے سیکریٹری یونس ڈھاگا اور چین کے نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن کے وائس ایڈمنسٹریٹر زانگ یو کنگ کے درمیان ہونیوالی ویڈیو کانفرنس میں پاکستان میں توانائی کے بحران سے نمنٹنے کے لئے مختلف منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیاویڈیو کانفرنس میں چینی حکام نے تھر بلاک ٹو میں توسیع پر رضامندی کا اظہار کیا جس کے تحت تھر میں بلاک2-میں 660میگاواٹ کا ایک اور پلانٹ لگایا جائے گا اور کوئلے کی کان کو 3.8MTPAسے3.5MTPA کر دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

اسی طرح حبکو میں کوئلے سے چلنے والے بجلی کے کارخانے کے مزید 660 میگا واٹ کے یونٹ کے اضافے سے پاک چین اقتصادی راہداری کے ترجیہی لسٹ میں مزید وسعت آئیگی اور اس منصوبے سے چین میں بنکوں اور دوسرے اداروں سے منصوبوں کے اقتصادی اور معاشی امور طے کرنے میں مدد ملے گی۔ ویڈیو کانفرنس کے دوران دونوں طرف مٹیاری سے لاہور 660KVHVDCٹرانسمیشن لائن کی اہمیت پر اتفاق کیا اور اس بات پر زور دیا کہ مستقبل میں مُلک کے جنوب میں لگائے گئے بجلی کے منصوبوں کیلئے یہ انتہائی اہم ہے ویڈیو کانفرنس میں دونوں اطراف نے اس امر کی بھی تجدید کی کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :